پونچھ// قلعہ مارکیٹ پونچھ میں جہاں بھی نظر جائے ہر طرف گندگی ہی گندگی نظر آئے گی ۔مقامی دکانداروں نے اس پر میونسپل کونسل پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا کہ محکمہ کے ملازم غفلت شعاری سے کام لے رہے ہیں۔عبدالرزاق خاکی نامی ایک دکاندار نے کہا کہ پچھلے کئی روز سے قلعہ مارکیٹ میں صفائی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے ہر طرف گندگی کے ڈھیر نظر آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان گندگی کے ڈھیروں سے عفونت پھیل گئی ہے جو تاجروں اور صارفین کے لئے اذیت کا باعث بن رہی ہے۔خاکی کاکہناتھاکہ قلعہ مارکیٹ جو کہ پونچھ قصبہ کا سب سے مصروف ترین بازارہے ،میں بڑی تعداد میں خریدار آتے ہین جنہیں گندگی سے پریشان ہوناپڑرہاہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بازار میں صفائی کو یقینی بنایا جائے۔کبیر حسین نامی دکاندارنے بتایا کہ قلعہ مارکیٹ کے ساتھ بنی نئی ٹنڈن مارکٹ میں کشمیر کے سیب بیچنے والے افراد ٹاٹا موبائل گاڑیاں کھڑی کردیتے ہیںاورخراب سیب اسی طرح وہاں پانی کی نکاس کے لئے بنائی گئی نالیوں میں پھینک دیتے ہیںجو نالیاں بند ہونے کا سبب بن رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اس وجہ سے بھی یہاں بدبو پھیلتی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر ہر روز صفائی نہ کی جائے تو اس جگہ سے گزرنا بھی مشکل ہو جاتا ہے ۔میونسپل کونسل کے چیف ایگزیکٹو افسر ارشاد حسین صوفی نے بتایا کہ ان کے محکمہ کے صفائی کرمچاری ہر روز وہاں صفائی کرتے ہیں ۔ان کاکہناتھا کہ اس سلسلہ میں عوام کو بھی محکمہ کے صفائی کرمچاریوں کا تعاون کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی بھی کچھ ذمہ داری ہے جو وہ پورا نہیں کرتے جبکہ محکمہ کی پوری کوشش ہے کہ قصبہ کو صاف و شفاف رکھا جائے۔