عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ضلع پونچھ میں پولیس نے امن و امان برقرار رکھنے کے سلسلے میں ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے اوور گراؤنڈ ورکر (او جی ڈبلیو) کو پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت حراست میں لے لیا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار شخص کی شناخت محمد قیوم ولد دوست محمد، سکنہ قصبہ، تحصیل حویلی، ضلع پونچھ کے طور پر ہوئی ہے، جس کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کی دفعات کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ایسے سرگرمیوں میں ملوث تھا جو علاقے کی سلامتی، امن اور یکجہتی کیلئے خطرہ بن رہی تھیں۔ اس کی موجودگی سے عوامی نظم و ضبط اور سکون عامہ کو شدید خطرہ لاحق تھا۔پولیس نے بتایا کہ خفیہ اطلاعات اور تحقیقاتی رپورٹس کی بنیاد پر مکمل ڈوزیئر تیار کر کے قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد پی ایس اے کے تحت حراست کا حکم حاصل کیا گیا۔ضلع پولیس پونچھ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ فرد کو گرفتار کر کے ضلع جیل راجوری منتقل کر دیا، جہاں اْسے احتیاطی حراست میں رکھا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ان مسلسل کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد ملک دشمن عناصر اور ان کے ہمدردوں کی سرگرمیوں کو روکنا ہے، تاکہ امن، قانون کی حکمرانی اور شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔ضلع پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ چوکنا رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔ پولیس نے مزید کہا کہ عوامی تعاون ہی ان عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی کنجی ہے۔