سرینگر// پانپور میں جنگجوئوں کی طرف سے فوج پر ہوئے حملے کے بعد پانپور اور اسکے مضافاتی علاقوں میں سیکورٹی کو چوکس کردیا گیا ہے اور تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا گیا جبکہ سرینگر جموں شاہراہ پرکڑی نگاہ رکھی جا رہی ہے اور شاہراہ پر فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ کدلہ بل پانپور میں گزشتہ روز جنگجوئوں کی طرف سے فوج پر ہوئے حملے کے بعدپانپور اور سرینگر جموں شاہراہ پرپولیس ، فورسز اور قانون نافذ کرنے والی دیگر ایجنسیوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور جگہ جگہ ناکے بٹھائے گئے ہیں۔سرینگر جموں شاہراہ پر پولیس اور سی آر پی ایف اہلکار تلاشیوں میں مصروف ہیں جبکہ گاڑیوںکو روک کر مسافروں کی جامہ تلاشیاں بھی لی جا رہی ہیں ۔قصبہ میں سوموار کو فوج کے ساتھ ساتھ پولیس کی بھاری تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی ۔اگرچہ مسافر گاڑیوں کی تلاشی نہیں لی جارہی تھی تاہم گالندر ،کاکہ پورہ،اونتی پورہ ،کھریو،کدلہ بل ،لسجن اور دیگر کئی مقامات پر فورسز کی طرف سے ناکے لگائے گئے تھے جہاں گاڑیوں کو روکا جارہا تھا اور مسافروں سے پوچھ تاچھ کی جارہی تھی ۔کئی مقامات پر فورسز اہلکار گاڑیوں کی تلاشی بھی لے رہے تھے اور مسافروں کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جارہے تھے ۔اس دوران جنوبی کشمیر کے ہاوورہ کولگام اورہف شرمال شوپیاں میں بھی فوج اور سی آر پی ایف نے محاصرہ کیا اورکئی مکانوں کی تلاشی لی۔ فورسز نے کریم آباد ، زڈورہ ، رٹھسنہ اور ترال کے کئی علاقوںمیں بھی جنگجوئوں کو تلاش کرنے کیلئے محاصرے کئے تاہم اس دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ گالندر پانپور کے ساتھ ساتھ کھدر موہ علاقوں میں بھی فوج نے گاڑیوں کی تلاشی لی اور کئی افراد سے پوچھ تاچھ بھی کی گئی۔