سرینگر//قصبہ بارہمولہ میں لازمی خدمات کی عدم فراہمی کے چلتے کارپارکنگ اورحاجت بشری کیلئے بھی کوئی خاطرخواہ سہولیات نہیں ہے۔ قصبہ بارہمولہ کی سڑکیں تنگ ہیں جس کے باعث روزانہ ٹریفک جام کی صورتحال پیداہوتی ہے جبکہ قصبہ میں گاڑیوں کوپارک کرنے کیلئے ابھی بھی کارپارکنگ کی سہولت بہم نہیں ہے۔دکانداروں کی شکایت ہے کہ دکانوں کے سامنے گاڑیاں کھڑی رہنے سے نہ صرف آنے جانے والوں کومشکلات پیش آتی ہیں بلکہ کاروباربھی متاثرہورہاہے ۔تاجروں کاکہنا ہے کہ قصبہ میں روزانہ ٹریفک جام کی صورتحال پیداہونے کے باعث اب نزدیکی علاقوں اوردیہات کے لوگ یہاں خریداری کیلئے آنے سے بھی کتراتے ہیں جبکہ تاجروں کے بقول قصبہ میں کارپارکنگ کیلئے کوئی جگہ نہ ہونے کیساتھ ساتھ یہاں حاجت بشری کیلئے بھی میونسپل کونسل نے کوئی خاطرخواہ انتظام نہیں رکھاہے ۔انہوں نے کہاکہ قصبہ کے مین چوک میں ایک بیت الخلاءقائم ہے جسکے اندربھی گندگی پڑی ہوئی ہے اورایسے میں اگرکسی بھی شخص کوحاجت بشری کی ضرورت پڑے تواُسکوہوٹلوں کارُخ کرکے یہاں حاجت سے راحت لینے کے بعدمجبوراًچائے وغیرہ پرکچھ نہ کچھ خرچ کرناپڑتاہے ۔تاجروں اورعام لوگوں نے لازمی شہری سہولیات بشمول کارپارکنگ اوربیت الخلاءقائم کرنے میں بارہمولہ میونسپل کونسل کی انتظامیہ اورسڑکوں کی مرمت وکشادگی کے تئیں محکمہ تعمیرات عامہ کے انجینئروں کی عدم توجہی پرسخت ناراضگی ظاہرکرتے ہوئے ڈپٹی کمشنربارہمولہ سے فوری توجہ دینے اورعوامی مشکلات کاازالہ کرنے کی مانگ کی۔کے این ایس