Facebook Twitter Youtube
  • تازہ ترین
  • کشمیر
  • جموں
  • شہر نامہ
  • برصغیر
  • بین الاقوامی
  • سپورٹس
  • صنعت، تجارت
  • کالم
    • مضامین
    • گوشہ خواتین
    • خصوصی انٹرویو
    • جمعہ ایڈیشن
    • تعلیم و ثقافت
    • طب تحقیق اور سائنس
  • ملٹی میڈیا
    • ویڈیو
    • پوڈکاسٹ
    • تصویر کہانی
  • اداریہ
  • ادب نامہ
    • نظم
    • غرلیات
    • افسانے
  • تازہ ترین
  • کشمیر
  • جموں
  • شہر نامہ
  • برصغیر
  • بین الاقوامی
  • سپورٹس
  • صنعت، تجارت
  • کالم
    • مضامین
    • گوشہ خواتین
    • خصوصی انٹرویو
    • جمعہ ایڈیشن
    • تعلیم و ثقافت
    • طب تحقیق اور سائنس
  • ملٹی میڈیا
    • ویڈیو
    • پوڈکاسٹ
    • تصویر کہانی
  • اداریہ
  • ادب نامہ
    • نظم
    • غرلیات
    • افسانے
Kashmir Uzma
  • تازہ ترین
  • کشمیر
  • جموں
  • شہر نامہ
  • برصغیر
  • بین الاقوامی
  • سپورٹس
  • صنعت، تجارت
  • کالم
    • مضامین
    • گوشہ خواتین
    • خصوصی انٹرویو
    • جمعہ ایڈیشن
    • تعلیم و ثقافت
    • طب تحقیق اور سائنس
  • ملٹی میڈیا
    • ویڈیو
    • پوڈکاسٹ
    • تصویر کہانی
  • اداریہ
  • ادب نامہ
    • نظم
    • غرلیات
    • افسانے

Kashmir Uzma

Latest Kashmir News | Kashmir Urdu News | Politics, India, International, Opinion

Font ResizerAa
Search
Follow US
مضامین

قربانی۔۔۔ اصل مطلوب حقیقی ہدف؟

Kashmir Uzma News Desk
Last updated: August 29, 2017 1:00 am
Kashmir Uzma News Desk
Share
23 Min Read
SHARE
 
اللہ رب العزت نے اپنا قرب عطا کرنے کے واسطے اپنے بندوں کے لئے جن عبادات کو مشروع کیا ہے ، ان میں سے ایک قربانی بھی ہے۔ اس کی مشروعیت قرآن ، حدیث اور اجماع سبھی سے ثابت ہے۔ قرآن کے مطابق اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے صرف اسی امت پر اسے عائد نہیں کیا بلکہ پچھلی امتوں کو بھی اس کا مکلف بنایا تھا۔ارشاد ہے: ترجمہ: ’’ اور ہم نے ہر ایک اُمت کیلئے قربانی کا طریقہ مقرر کر دیا ہے تاکہ جو مویشی چارپائے اللہ نے اُن کو دئیے ہیں (اُن کے ذبح کرنے کے وقت) اُن پر اللہ کا نام لیں سو تمہارا معبود ایک ہی ہے اُسی کے فرمانبردار ہو جاؤ اور عاجزی کرنے والوں کو خوشخبری سنا دو ‘‘۔ (الحج:۳۴)۔اس امت پر یہ قربانی نماز عیدین کی طرح سنہ ۳ھ میں مشروع ہوئی۔نبی کریم ﷺ نے صحابہ ؓ  کو اس کی تاکید کی اور فرمایا : ’’جس کے پاس مال ہو اور وہ قربانی نہ کرے تواسے چاہیے کہ ہماری عیدگاہ کے قریب بھی نہ آئے‘‘۔(مستدرک حاکم ، کتاب الأضاحي، بروایت ابوہریرہؓ)۔اس کی فضیلت میں آپؐ کا یہ ارشاد منقول ہے :’’کسی انسان نے قربانی کے دن کوئی ایسا عمل نہیں کیا جو اللہ کے نزدیک خون بہانے (یعنی قربانی کرنے) سے زیادہ محبوب ہو، وہ (یعنی قربانی کا جانور) قیامت کے دن آئے گا اپنے سینگوں، بالوں اور کھروں سمیت اور بیشک خو ن گرتاہے اللہ کے آگے مکان قبولیت میں اس سے پہلے کہ زمین پر گرے، سو خوش دل ہو تم اس بشارت سے‘‘۔ (سنن ترمذی، ابواب الاضاحی، بروایت عائشہؓ)۔ نیزیہ پوچھے جانے پر کہ اس سے کیا ثواب ملتا ہے آپ ﷺ نے فرمایا : ’’اس کے ہر بال کے عوض ایک نیکی ہے‘‘۔(سنن ابن ماجہ، ابواب الاضاحی،  بروایت زید بن ارقمؓ)۔
قربانی جمہور فقہاء جن میں امام طحاویؒ کے قول کے مطابق امام یوسفؒ اور امام محمدؒ بھی شامل ہیں ،کے نزدیک سنت مؤکدہ ہے لیکن امام ابوحنیفہؒ اسے ہرآزاد صاحب استطاعت مقیم شخص پر واجب بتاتے ہیں اور ان کے یہاں اس سلسلہ میں بلوغت کی بھی شرط نہیں تاہم احناف کا فتویٰ وجوب کا عاقل و بالغ ہی کے لئے ہے جو امام صاحب کے ہی ایک قول جو ظاہر الروایہ میں ہے ،کی بنیاد پر ہے ۔(الفقہ الاسلامی و أدلتہ،دارالفکر، دمشق، طبع ثانی، ۱۴۰۵؁ھ، جلد ۳ ، ص ۵۹۵-۵۹۶، ۶۰۴)۔بہرحال ہر دور میں مسلمان اتباع نبویؐ میں قربانی کرتے آئے ہیں اور یہ سلسلہ آج بھی جار ی ہے لیکن سوچنے کی بات یہ ہے کہ کیا قربانی کی مشروعیت صرف حصول ثواب کے لئے ہے یا اس کی اور بھی کچھ حکمتیں ہیں؟
حقیت یہ ہے کہ اللہ رب العزت نے اپنے بندوں کو جن عبادات سے نوازا ہے ، ان کی حکمتوں میں غور و خوض کرنے سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ عبادات جہاں تقرب الٰہی کے حصول کا ذریعہ ہیں وہیں ان میں ایمانی، روحانی اور اخلاقی تربیت کا پہلو بھی بدرجہ اتم موجود ہے۔یہی حال قربانی کا بھی ہے لیکن جس طرح دیگر عبادتوں کو ہم لوگوں نے رسمیت کا جامہ پہنا دیا ہے قربانی کا حال بھی ان سے کچھ مختلف نہیںہے۔ برسہا برس سے ہم لوگ قربانی کرتے آرہے ہیں لیکن اس کی حکمتوں اور اسرار و رمواز سے واقف نہیں ہونے کی وجہ سے یا ان کا استحضار نہیں رہنے کی وجہ سے قربانی ہمارے ایمانی، روحانی اور اخلاقی حالتوں میں کوئی نمایاں تبدیلی لاتی نظر نہیں آتی ، حالانکہ علماء سلف و خلف نے قرآن و حدیث کی روشنی میں اس کی حکمتوں سے ہمیں خوب آگاہ بھی کردیا ہے ۔ابھی عید قربان کی آمد آمد ہے اور ہر صاحب استطاعت مسلمان ملک کے حالات کے ناخوشگوار ، تہدید آمیز اور غیرمحفوظ ہونے کے باوجود اپنے جذبہ مسلمانی کے تحت قربانی کی تیاریوں میں مشغول ہے ، اس لئے مناسب معلوم ہوتا ہے کہ قربانی کے اس فلسفہ کوہم ایک بار پھر یاد کریں اور اپنا محاسبہ بھی کریں کہ اب تک کی قربانی سے ہم نے کیا سیکھاہے ؟
سب سے پہلے تو اس بات پر غور کیجئے کہ جانور تو آپ آج بھی ذبح کر سکتے ہیں اورفقراء ، مساکین اور ضرورت مندوںمیں اس کا گوشت تقسیم کرسکتے ہیں بلکہ اس کا بھی امکان ہے ملک کے کسی خطہ میں لوگوں کے امداد کی ضرورت آج بہ نسبت ایام النحر کے زیادہ ہو لیکن کیا وہ قربانی کہی جائے گی یا قربانی کا درجہ حاصل کر پائے گی؟ مجھے امید ہے کہ آپ یہی کہیں گے کہ یقیناً یہ ایک نیکی اور ثواب کا کام تو ہوگا لیکن اسے قربانی نہیں کہا جاسکتا اور نہ ہی اس عمل کو اللہ کے یہاں وہ مقام حاصل ہوسکتا ہے جو قربانی کو حاصل ہے۔اس کی وجہ کیا ہے ؟ اس کی وجہ صرف یہ کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺنے چند خاص دنوںمیں ہی قربانی کرنے کا حکم دیا ہے۔اس لئے فقہاء نے قربانی کی تعریف وقت کے حوالہ سے ہی کیا ہے۔ مثلاًشیخ وھبۃ الزحیلی نے قربانی کی تعریف اس طرح کی ہے: ’’قربانی سے مراد قرب الٰہی کے حصول کے لئے ایک  وقت مخصوص پر ایک مخصوص جانور کو ذبح کرنا ہے‘‘۔(الفقہ الاسلامی و أدلتہ، جلد ۳ ، ص ۵۹۴)۔
وقت مخصوص سے مراد ایام النحرکے تین دن یعنی ۱۰، ۱۱ ، ۱۲؍ذی الحجہ ہیں جیسا کہ عبداللہ بن عمرؓ کے اثر سے واضح ہے ۔ آپؓ نے فرمایا : ’’قربانی دو دن تک درست ہے بعد عید الضحیٰ کے‘‘۔(مؤطا امام مالک، کتاب  الضحایا، بروایت نافعؒ)۔ ابوحنیفہؒ،مالکؒ اور احمد بن حنبلؒ تینوں ائمہ کا قول و عمل اسی روایت پر ہے لیکن امام شافعیؒ قربانی کا آخری وقت ۱۳؍ ذی الحجہ تک مانتے ہیں۔(مظاہر حق جدید، دار الاشاعت، کراچی، ۲۰۰۹؁ء، جلد اول، ص ۹۲۶)۔ان کی دلیل ابن حبانؒ کی وہ روایت ہے جس کامفہوم یہ ہے :’’ تمام ایام تشریق میں ذبح (قربانی) کیا جاسکتا ہے‘‘۔(صحیح ابن حبان،کتاب الحج، بروایت جبیر بن مطعمؓ)۔بہرحال جن کے نزدیک جو قول بھی راجح ہو ان مخصوص ایام کے پہلے یا بعد ان کے نزدیک قربانی درست نہیں ہوسکتی۔ مشہور فقیہ علامہ عبد الرحمٰن الجزیریؒ لکھتے ہیں : اگر وقت سے پہلے یا بعد قربانی کی جائے تو درست نہ ہوگی۔ (الفقہ علی  المذاہب الأربعۃ،دارالکتب العلمیہ،بیروت (لبنان)، طبع ثانی، ۱۴۲۴؁ھ، جلد۱، ص ۶۴۷)۔حتیٰ کہ ۱۰؍ذی الحجہ کو بھی اگر نماز عید الاضحی کے قبل جانور ذبح کردیا تو اکثر فقہاء کے نزدیک قربانی نہیں ہوئی کیوں صحیح روایت سے ثابت ہے کہ آپ ﷺ نے قبل از نماز قربانی کرنے والے کو قربانی کے اعادہ کا حکم فرمایا ہے۔آپؐ کا ارشاد ہے: ’’جس نے نماز سے پہلے قربانی کرلیا تو وہ اس کی جگہ پر دوسرا جانور قربانی کرے‘‘۔(صحیح البخاری،کتاب الاضاحي، بروایت جندب بن سفیان بجلیؓ)۔
حج کا معاملہ بھی اسی طرح ہے ۔عرفات کا میدان کھلا پڑا ہے ، آپ جب چاہیں اور جس وقت چاہیں وہاں جاسکتے ہیں لیکن آج اگر آپ وہاں چلے جائیں تو آپ کا نہ توحج ہو گا اور نہ ہی اس کا کوئی اجر ملے گالیکن عرفات کی یہی حاضری تھوڑی دیر کے لئے بھی اگر ۹؍ذی الحجہ کو احرام کے ساتھ ہوجائے تو آپ حج کی سعادت سے بہرور ہوجائیں گے ۔ ان مثالوں سے جو بات سامنے آئی وہ یہ ہے کہ اللہ اور اس کے رسول کا حکم اصل ہے۔کسی عمل کے اندر بذات خود کوئی تقدس نہیں جب تک اللہ اور اس کے رسول کا حکم اس میں پیوست نہ ہو یا یوںکہیے کہ کوئی عمل عبادت کا مقام حاصل نہیں کرسکتا جب تک بشمول ایمان و اخلاص کے وہ اللہ کے حکم اور نبی کریمﷺ کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق نہ ہو۔اگر ہم لوگ ان باتوں پر غور کرتے تو بدعات (یعنی خود کے ایجاد کردہ اعمال جن کا داعیہ اور سبب موجود رہنے کے باوجود ان کی اصل قرن اولیٰ میںنہیں ملتی) کے ذریعہ اللہ کا تقرب حاصل کرنے کی سعی کرنے کی کبھی غلطی نہ کرتے۔ 
اب اس بات پر بھی غور کیجئے کہ اللہ رب العزت نے آپ کو قربانی کا حکم دیا اور آپ نے قربانی کی لیکن اس کے پاس نہ تو قربانی کا گوشت پہنچااور نہ ہی خون بلکہ اس نے گوشت ہم آپ کو ہی استعمال کرنے کی اجازت دے دی جسے اللہ کی میزبانی کی طور پر ہم لوگ استعمال کرتے ہیں۔تو پھر اللہ سبحانہ و تعالیٰ کے پاس کیا پہنچا؟ قرآن اس سوال کاجواب یوں دیتا ہے: ترجمہ:’’اللہ تک نہ اُن کا گوشت پہنچتا ہے اور نہ خون بلکہ اُس تک تمہارا تقویٰ پہنچتا ہے ‘‘۔ (الحج:۳۷)۔تقویٰ کیا ہے؟ یہ انسان کے دل میں اللہ اور اس کے رسول ؐ کے احکام کی عظمت کی وہ کیفیت ہے جس کی وجہ سے وہ ان کا پاس و لحاظ رکھتا ہے اور اس سے سرمو برابر انحراف نہیں کرنا چاہتا اور جس کے پیچھے اللہ کی خوشنودی کے حصول کے علاوہ اور کوئی محرک بھی نہیں ہوتا۔اب اس قربانی پر غور کیجئے۔اللہ نے ہمیں اس کا حکم دیا تو ہم اسے بجالاتے ہیں، ہم یہ نہیں سوچتے کہ اللہ کو اس معصوم جانور کی جان لینے یعنی قر بان کر نے سے کیا فائدہ پہنچے گا یا پھر اس پر جو مال کا صرفہ ہوگا، اسے صدقہ بھی تو کیا جاسکتا ہے وغیرہ وغیرہ۔اسی طرح اللہ نے اسے خاص ایام میں ہی کرنے کا حکم دیا ہے تو ہم اس کا بھی لحاظ کرتے ہیں، اس سے قبل یا بعد نہیں کرتے۔پھر اللہ کے رسول ؐنے اس کی بھی قید لگائی کہ جانور کس قسم کے ہونے چاہیے یعنی تندرست و توانا ہو اور عیب دار اور معذور نہ ہو تو ہم اس کا بھی خیال رکھتے ہیں۔اسی طرح اللہ نے حکم دیا کہ ان جانوروں پر ذبح کرتے وقت میرا ہی نام لیاجائے تو ہم کسی اور کا نام لینے کا سوچ بھی نہیں سکتے ،اس لئے کہ ہمیں معلوم ہے کہ اگر ہم نے ایسا کیا تونیکی کے بجائے گناہ لازم آئے گا اور اس کا گوشت بھی ہمارے لئے حلال نہیں رہ جائے گا کیوں کہ قرآن کا اعلان ہے :ترجمہ:’’حرام کردیا گیا ہے تم پر مردار جانور اور خون اور سور کا گوشت اور وہ جانور جس پر اللہ کے سوا کسی اور کا نام پکارا گیا ہو‘‘۔ (المائدۃ:۳) ۔پھر اللہ رب العزت نے یہ حکم دیا کہ قربانی خالصتاً میر ے لئے ہی کی جائے اور اس میں میری رضا و خوشنودی کے علاوہ اور کوئی نیت نہ ہو۔ترجمہ:’’پس آپ اپنے رب کے لئے نماز پڑھیے اور قربانی کیجیے‘‘۔(الکوثر:۲)۔ ایک جگہ ارشاد فرمایا:  ترجمہ: ’’ (یہ بھی) کہہ دو کہ میری نماز اور میری قربانی (یاعبادت) اور میرا جینااور میرا مرنا سب اللہ رب العالمین ہی کیلئے ہے۔اس کا کوئی شریک نہیں اور مجھے اسی بات کا حکم ملا ہے اور میں سب سے اوّل فرمانبردار ہوں‘‘ ۔ (الانعام:۱۶۲-۱۶۳)۔
چنانچہ ہر سال قربانی میں جانورکو ذبح کرتے وقت ہم اس دعا کو پڑھ کر جو اللہ کے رسول ﷺ نے ہمیں سکھائی ہے اس بات کا اقرار اور تجدید کرتے ہیں۔اس دعاکا ترجمہ یہ ہے: ’’میں اپنا رُخ اس ذات کی طرف کرتا ہوں جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا، میں ابراہیم ؑ کے دین پر ہوں ، کامل موحد ہوں، مشرکوں میں سے نہیں ہوں،بے شک میری نماز میری قربانی (یا تمام عبادتیں) ، میرا جینا اور میرا مرناخالص اس اللہ کے لئے ہے جو سارے جہاں کا رب ہے ، کوئی اس کا شریک نہیں ،مجھے اسی کا حکم دیا گیا ہے اور میں مسلمانوں میں سے ہوں، اے اللہ! یہ قربانی تیری ہی عطا ہے اور خاص تیری ہی رضا کے لئے ہے‘‘۔ (سنن ابی داؤد، کتاب الضحایا،  بروایت جابر بن عبداللہؓ )۔ ہم اللہ کے سوا کسی اور کے لئے قربانی کرنے کاسوچ بھی نہیں سکتے کیوں کہ یہ شرک ہو گا اور ہم بجائے اللہ کا قرب حاصل کرنے کے اس کی گرفت کے مستحق ہوجائیں گے کیوں کہ ہمارے نبی کریم ﷺ نے ہمیں واضح طور پر اس سے آگاہ کردیا ہے: ’’لعنت کی اللہ نے اس پر جو ذبح کرے جانور کو اللہ کے سوا کسی اور کے لئے‘‘(صحیح مسلم ، کتاب الاضاحی،  بروایت علیؓ)۔
اللہ کے بجائے اغیار کے لئے قربانی کرنا تو بہت دور کی بات ہے ، اگر کسی نے اس میں صرف گوشت کی نیت کرلی اور عبادت کی نیت نہیں کی تو فقہاء کے ایک طبقہ کے مطابق اس کی قربانی نہیں ہوئی اور وہ ایسے ہی ہے جیسے عام دنوں میں گوشت کے لئے جانور ذبح کرنا۔اسی لئے شرکت کی قربانی کے سلسلہ میں احناف کے یہاں ایک کڑی شرط ہے کہ قربانی میں کسی ایسے آدمی کو شریک نہ کیا جائے جس کی نیت عبادت کی بالکل نہ ہوبلکہ گوشت کی ہو۔ اگر ایک اونٹ یا بچھڑے میں سات آدمی شریک ہوئے ،سب کی نیت عبادت کی تھی سوائے ایک شخص کے کہ وہ گوشت کی نیت کئے ہوئے تھا ۔تو کسی کی طرف سے بھی قربانی نہیں ہوگی کیوں کہ عبادت (اللہ کے لئے ) خون بہانے میں ہے اور اس کے ٹکڑے نہیں ہوسکتے اس لئے کہ یہ ایک ہی فعل اور ایک ہی ذبح ہے۔‘‘(الفقہ الاسلامی و أدلتہ،جلد ۳ ، ص ۶۰۵)۔
اتنی ساری پابندیوں کا لحاظ کرتے ہوئے قربانی کی جاتی ہے تو اللہ کے یہاں وہ تقرب کا باعث ہوتی ہے۔ اب ذرا اس بات پر بھی غور کریں کہ کیا واقعی ہم ان پابندیوں کا لحاظ استحضار کے ساتھ کررہے ہیں یا ہم سے عادتاً یا رسماً یہ سب ہورہا ہے ۔اگر اللہ اور اس کے رسول ؐ کے احکامات کا ہمیں اتنا پاس و لحاظ ہے تو زندگی کے دوسرے شعبوں میں بھی یہ ہونا چاہیے۔قربانی کی دعا کے الفاظ اور معنی پر غور کیجئے کہ ہر سال ہم اس بات کا اقرار بھی کررہے ہیں ہم مسلمان ہیں یعنی اللہ کے فرمان بردارو اطاعت گزار ہیں اور اس کا کوئی شریک نہیںلیکن زندگی کے دوسرے شعبوں میں اللہ اور رسول ﷺکے احکامات کی نہ وہ اطاعت نظر آتی ہے اور نہ ہی شرکیہ اعمال سے ہی ہماری زندگی خالی ہے ،تو آخر یہ کیسا تقویٰ ہے ؟ کہیں ایسا تو نہیں کہ ہم قربانی گوشت کے لئے یا تفاخر یا رسم پرستی کے طور پر کر رہے ہیں؟
جاننا چاہیے کہ اصل قربانی تو اپنے نفس کی ہے اور جانور تو حقیقت میں ایک علامت ہے ۔ہمارے اندر یہ جذبہ ہونا چاہیے کہ قربانی کرتے وقت ہم اللہ کی طرف متوجہ ہوکر اپنے دل میں یہ کہیں کہ اے میرے رب ! یہ جانور کیا چیزہے، تیرے احکام کی پاسداری اور دین کی سربلندی کے لئے بندہ اپنی جان، مال اور اولاد کی ہر قربانی دینے کو تیار ہے ۔یہی وہ جذبہ ہے جو قربانی سے پیدا کرنا مطلوب ہے اوریہی وہ جذبہ تھا جس نے سیّدنا ابراہیم علیہ السلام کو اپنے پیارے بیٹے کو اللہ کی راہ میں قربان کرنے پر آمادہ کیا اور اللہ کی طرف سے آئی اس آزمائش میں کامیاب ہونے پر ہی وہ عالم ِانسانیت کی امامت کے دائمی منصب پر سرفراز کئے گئے ۔جس کے اندر یہ جذبہ ہوگا وہ سب سے پہلے اپنے نفس کو اللہ اور اس کے رسولﷺ کے احکام کے تابع کرے گاجس کے بغیر ایمان کی تکمیل ہی ممکن نہیںکیوں کہ آپؐکا ارشادہے : ’’تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک مومن نہیں ہوسکتا جب تک کہ اس کی خواہشات نفس ان ہدایات کے تابع نہ ہوجائے جن کو میں لے کر آیا ہوں ‘‘۔(مشکوٰۃ المصابیح، باب الاعتصام بالکتاب و السنۃ،بروایت عبد اللہؓ بن عمروبن العاصؓ)۔نفس کے مطیع ہونے کی علامت ہی یہی ہے کہ انسان اللہ کے احکام پر صبر و استقامت سے جم جائے جیسا کہ دین حنیف کے امام برحق ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام کی زندگی سے بھی سبق ملتا ہے۔یہ نہیں کہ اللہ اور اس کے رسولﷺ کا جو حکم نفس کو اچھا لگا وہ تو پورا کردیا اور جو نفس پر گراں گزرا اسے ترک کردیا۔قربانی سے اگر ہم نے یہ سبق نہیں لیا تو اللہ کو گوشت اور خون سے کیا لینا۔
مال، جان اورنفس کی قربانی اور ہر حال میں اللہ کی اطاعت کے ان عظیم جذبوں کو پیدا کرنے کے علاوہ قربانی سے محتاجوں اور غریبوں کی ہمدردی ، غمگساری اور مدد کرنے کا جذبہ پیدا کرنا بھی مطلوب ہے جیسا کہ اللہ رب العزت کے اس ارشاد سے واضح ہے: ترجمہ: ’’اور قربانی کے اونٹوں کو بھی ہم نے تمہارے لئے شعائر اللہ مقرر کیا ہے اس میں تمہارے لئے فائدے ہیں تو (قربانی کرنے کے وقت) قطار باندھ کر اُن پر اللہ کا نام لو جب پہلو کے بل گر پڑیں تو اُن میں سے کھاؤ اور قناعت سے بیٹھ رہنے والوں اور سوال کرنے والوں کو بھی کھلاؤ اس طرح ہم نے اُن کو تمہارے زیر فرمان کر دیا ہے تاکہ تم شکر کرو ‘‘۔(الحج:۳۶ )۔قربانی کا گوشت خود کھانے کی اجازت اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے اسی امت کو دی ہے ، پچھلی امتوں کو نہیں دی لیکن ساتھ ہی غریبوں ، مسکینوں اور محتاجوں کا خیال رکھنے کی بھی تاکید کی۔اس سے پتہ چلتا ہے کہ قربانی مسلمانوں کی اجتماعیت کا بھی مظہر ہے اور اس سے آپس کے تعلقات کے بہتر ہونے کی توقع بھی کی جارہی ہے۔ یہاں یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ قربانی کے مشروع ہونے کے ابتدائی سال میں اللہ کے رسول ﷺ نے تین دن سے زیادہ قربانی کا گوشت اپنے پاس رکھنے اور استعمال کرنے سے منع کیا تھا لیکن بعد میں اس کی اجازت دے دی اوریہ فرمایا تھا کہ پچھلے سال چونکہ لوگ تنگی میں مبتلا تھے اس لئے میں نے چاہا کہ تم لوگوں کی مشکلات میںان کی مدد کرو۔(صحیح بخاری ، کتاب الاضاحی، بروایت سلمہ بن الاکوعؓ) ۔اس حدیث سے رسول پاکﷺ کی منشاء بالکل واضح ہے ۔اگر آج بھی ایسے حالات ہوں کہ قرب و جوار کے لوگ تنگی میں مبتلا ہوں تو بجائے ان تنگ دستوں اور محتاجوں کی ضرورت کاخیال رکھنے کے فریزر میں گوشت کا ذخیرہ کرنا اور مہینوں اپنی ذات پر استعمال کرنایقینا منشاء نبوی ؐ ؐاور جذبہ قربانی کے خلاف ہوگا۔نیزسورۃالحج کی مذکورہ آیت۳۶ سے یہ بھی مستفاد ہے کہ قربانی میں اللہ کے اس انعام کی شکر گزاری کا پہلو بھی شامل ہے جو اس نے ان جانوروں کو ہمارے لئے مسخر کرکے کیا ہے۔ اللہ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کوان جذبوں کے ساتھ قربانی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین!
   رابطہ :سابق ڈین، فیکلٹی آف ایجوکیشن۔ پٹنہ یونیورسٹی،پٹنہ
ای میل : [email protected]  موبائل0947186710
 
Share This Article
Facebook Twitter Whatsapp Whatsapp Copy Link Print
Leave a Comment

Leave a Reply Cancel reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

بڈگام میں چار منشیات فروش گرفتار، بھاری مقدار میں ممنوعہ نشیلی اشیا برآمد: پولیس
تازہ ترین
امرناتھ یاترا 2025: شمالی کشمیر میں سکیورٹی انتظامات کا اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا گیا
تازہ ترین
کپواڑہ میں ایس آئی اے نے پاکستان میں مقیم ملی ٹینٹ کی جائیداد ضبط کر لی
تازہ ترین
سرینگر میں کانگریس کی عظیم الشان عید ملن تقریب منعقد
تازہ ترین

Related

کالممضامین

ایران پر اسرائیل کا غیر متوقع حملہ ندائے حق

June 15, 2025
کالممضامین

ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت | امریکہ کی دوغلی پالیسی سے مشرق وسطیٰ آتش فشاں کے دہانے پر! حال و احوال

June 15, 2025
کالممضامین

ماہنامہ حکیم ُالامت کا بشیر احمد شاکر نمبر

June 13, 2025
کالممضامین

مرحوم غلام محی الدین بلپوری۔فن اور فکر کا سنگم فن اور فنکار

June 13, 2025

ملک و جہان کی خبروں سے رہیں اپڈیٹ

نیوز لیڑ ای میل پر پائیں

پالیسی

  • ڈیٹا پالیسی
  • پرائیویسی پالیسی
  • استعمال کرنے کی شرائط
  • ڈیٹا پالیسی
  • پرائیویسی پالیسی
  • استعمال کرنے کی شرائط

سیکشن.

  • اداریہ
  • برصغیر
  • بین الاقوامی
  • تعلیم و ثقافت
  • اداریہ
  • برصغیر
  • بین الاقوامی
  • تعلیم و ثقافت

مزید جانیں

  • ہمارے بارے میں
  • رابطہ
  • فیڈ بیک
  • اشتہارات
  • ہمارے بارے میں
  • رابطہ
  • فیڈ بیک
  • اشتہارات
Facebook

Facebook

Twitter

Twitter

Youtube

YouTube

Instagram

Instagram

روزنامہ کشمیر عظمیٰ کی  ویب سائٹ  خبروں اور حالات حاضرہ کے حوالے سے جموں وکشمیر کی  اردو زبان کی سب سے بڑی نیوز ویب سائٹ ہے۔ .. مزید جانیں

© GK Communications Pvt. Ltd.. All Rights Reserved.
Welcome Back!

Sign in to your account

Username or Email Address
Password

Lost your password?