سرینگر//مزاحمتی جماعتوں نے ترال میں جاں بحق ہوئے جنگجوﺅں کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔تحریک مزاحمت ، پیپلز لیگ ،مسلم کانفرنس ،ینگ مینز لیگ اور لبریشن فرنٹ (ر) نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے کی وجہ سے انسانی جانوں کے تلف ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ’ اگرچہ ہمیں ان کی جدائی کا دکھ ہے تاہم جس عظیم مقصد کے لئے انہوں نے جانوں کی قربانی پیش کی ہے وہ اعلیٰ و ارفع ہے ۔پیپلز لیگ کے عبوری چیئرمین محمد مقبول صوفی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس نصب الین اور مقصد کے لئے یہ نوجوان اپنی قیمتی جانوں کی قربانیاں پیش کررہے ہیں ،اُس مقصدکی آبیاری کرنا قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان قربانیوں کے طفیل ہی مسئلہ کشمیر عالمی ایوانوں میں گونج رہا ہے۔ مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار،ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی اور لبریشن فرنٹ (ر)ترجمان نے جاں بحق ہوئے جنگجوﺅں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عظیم نوجوان ایک مقصد کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں اور انصاف کا تقاضا ہے کہ قوم ان قربانیوں کی لاج رکھتے ہوئے اس مقصد کے ساتھ خلوص کے ساتھ جڑے رہیں ۔