سرینگر// تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی کی قیادت میں ایک وفد نے سوپور جاکرمرحوم عبدالرحیم لنگو سوپور اورمرحوم عبدالاحد پنڈت کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔وفد محمد اشرف لایا، سید امتیاز حیدر، مفتی عبدالاحد، محمد سعید اور پرویز احمدپر مشتمل تھا۔واضح رہے کہ عبدالرحیم لنگو گذشتہ روز دنیائے فانی سے رُخصت کرگئے۔صحرائی نے تعزیتی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے موت وحیات پر روشنی ڈالی اور مرحوم کی اسلامی اور تحریکی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم عبدالرحیم لنگو ابتدائی دور سے تحریکی رفیق رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے سوپور میں اسلام کے پیغام اور تحریک اسلامی کے اغراض ومقاصد کی آبیاری کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور استقامت کا راستہ اختیار کرتے ہوئے تحریک اسلامی کے ساتھ وابستہ رہے۔ صحرائی نے موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج جموں کشمیر کی سرزمین انسانی خون سے لالہ زار ہے۔ روز ہمارے جوانوں کومارا جارہا ہے۔ ہمارے یہ نوجوان تحریک آزادی کی خاطر اپنی جانیں پیش کررہے ہیں اور اس قافلہ میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں ،اسکالروں اور دانشوروں کی بڑی تعداد شامل ہے، جنہوں نے اپنے مقدس خون سے اس تحریک کو سینچا ۔ صحرائی نے کہا کہ ان قربانیوں کو کسی بھی صورت میں نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس خونین تحریک کی حفاظت کریں اور آنے والے اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات کا بائیکاٹ کریں۔