سرینگر// اتحاد المسلمین کی جانب سے 56واں یوم تاسیس یوم تجدید عہد کے طور پر منایا گیا۔ اس سلسلے میں تنظیم کے صدر دفتر کرن نگر سرینگر میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس کی صدرات مولانا محمد عباس انصاری نے انجام دی۔ اپنے صدارتی تقریر میں تنظیم کے سرپرست اعلٰی مولانا محمد عباس انصاری نے اتحاد المسلمین کے 56ویں یوم تاسیس کے موقعہ پر تمام منتظمین و اراکین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ تنظیم نے کھٹن مراحل طے کئے اور اس مرحلے تک پہنچ کر ثابت کردیا کہ تنظیم نے ملت کشمیر کی ترجمانی میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی۔ مولانا عباس انصاری نے کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم ان کے مشن کو آگے لے جانے میں ذرا برابر بھی کوتاہی نہیں برتے گی اور ان کے پاک لہو کے ساتھ کسی کو سودا بازی اور کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ مولانا انصاری نے کہا کہ کشمیر کی تحریک آزادی کیلئے وہ ماضی کی طرح برابر کوشاں رہیں گے۔ مولانا نے کہا کہ ان کی جماعت مذہبی، فلاحی، علمی اور تحریک آزادی کے میدانوں میں کشمیر کے غیور عوام کی خدمات انجام دینے میں پیش پیش رہے گی۔ تقریب میں شرکاء نے یک زبان ہوکر تجدید عہد کیا کہ وہ علمی، فلاحی، مذہبی اور تحریک آزادی کشمیر کے لئے تنظیم کو بھر پور تعاون پیش کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مولانا عباس انصاری کی مدبرانہ قیادت پر مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد المسلمین سے وابستہ بچہ بچہ مولانا کے شانہ بشانہ کھڑا ہوکر اپنے نصب العین کی آبیاری کرینگے۔