عوام گھروں میں رہیں اور فورسز پر بھروسہ رکھیں:ڈاکٹر جتیندر سنگھ
جموں//مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور کے بسنت گڑھ علاقے میں جاری ملی ٹینٹ مخالف کارروائی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز کے حوصلے اور قربانیوں کو سلام پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فورسز دشمن کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں اور اس اہم آپریشن میں ان کا کردار قابل ستائش ہے ۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا:‘ہم حوالدار جھنتو علی شیخ کی شہادت پر دل سے تعزیت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے ملک کی سلامتی کے لیے اپنی جان نچھاور کی، ان کی قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔’انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود ضلعی ترقیاتی کمشنر اودھم پور سلونی رائے کے مسلسل رابطے میں ہیں، جو لمحہ بہ لمحہ آپریشن کی صورتحال سے انہیں آگاہ کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ذاتی طور پر جائے وقوع پر موجود ہیں تاکہ آپریشن کی براہ راست نگرانی کی جا سکے ۔ڈاکٹر سنگھ نے مقامی باشندوں سے اپیل کی کہ وہ پُرامن رہیں، گھروں میں ہی مقیم رہیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز پوری مستعدی کے ساتھ علاقے کو محفوظ بنانے کی کوشش میں مصروف ہیں اور عوامی تعاون اس عمل میں نہایت اہم ہے ۔مرکزی وزیر نے بتایا کہ جھڑپ کے بعد علاقے میں حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور ضرورت پڑنے پر اضافی نفری تعینات کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی ادارے پوری سنجیدگی سے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جا رہا ہے ۔واضح رہے کہ جمعرات کی صبح ادھم پور کے بسنت گڑھ علاقے میں تلاشی آپریشن کے دوران ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر اچانک فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں فوج کا ایک جوان جھانتو علی شیخ شدید طورپر زخمی ہوا اور بعدازاں وہ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔