مظفر آباد// حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کو نسل کے چیئر مین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ عسکریت پسندوں اور کشمیری عوام نے یہ تہیہ کیا ہے کہ حصول آزادی تک پوری قوت سے جدوجہد جاری رہے گی۔موصولہ بیان کے مطابق صلاح الدین حزب کمانڈ کو نسل کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ،جنگجو اور قائدین کی جدوجہد کے سامنے اصولی طور پر بھارت جنگ ہار چکا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ طاقت کے بل پر زیادہ دیر تک آزادی کی تحریکوں کو نہ ماضی میں دبایا جاسکا اور نہ اب دبایا جاسکتا ہے ۔ صلاح الدین نے کمانڈر عمرخالد، زاہد احمد میر،آصف احمد ،عرفان عبد اللہ گنائی کوخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی جوانیاں اسلام اور آزادی کیلئے لٹادیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جا ئیں گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا بچہ بچہ میدان عمل میں کھڑا ہے لیکن اس بات کا اعتراف کرنا بھی ضروری ہے کہ قوم کے اندر مختلف ناموں اور شکلوں کی صورت میں دشمن موجود ہیں ،لیکن ان کا حشر بھی وہی ہوگا جو اس سے قبل ہوامنافقوں اور دشمنوں کا ہوا ہے ۔بیان کے مطابق اجلاس سے نائب امیر حزب سیف اللہ خالد نے بھی خطاب کیا ۔