سرینگر//حریت (گ)،اتحاد المسلمین ، مسلم کانفرنس ،اسلامک پولٹیکل پارٹی اور لبریشن فرنٹ (آر) نے میرواعظ مولانا محمد فاروق ، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو ان کی برسیوں پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانیاں تحریک مزاحمت کا درخشندہ باب ہیں ۔ حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دُعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خراج پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ جدوجہدِ آزادی کو حصولِ مقصد تک ہر صورت میں جاری وساری رکھا جائے اور اس میں کسی قسم کی کمزوری یا مداہنت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ ایک بیان میں گیلانی نے کہا کہ میر واعظ خاندان کی اپنی ایک شاندار تاریخ ہے اور اس کے اسلاف نے جموں کشمیر میں قرآن وسنت کی تبلیغ کے سلسلے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ تعلیمی میدان میں بھی انہوں نے شاندار کام کیا ہے اور اسلامیہ ہائیر اسکینڈری اسکول اس کا ایک جیتا جاگتا ثبوت ہے۔ گیلانی نے خواجہ عبدالغنی لون کو یاد کرتے ہوئے کہا ’’ میرے سالہاسال تک ان کے ساتھ قریبی مراسم رہے ہیں اور حریت کانفرنس کے فورم پر بھی ہم نے اکٹھے کام کیا ہے۔ وہ ایک ایسے محنتی سیاستدان تھے، جو اپنے کارکنوں کے ذاتی مسائل تک میں ان کا سہارا بنتے تھے اور ان کی ہر ممکن مدد کرتے تھے‘‘۔ اتحاد المسلمین کے سربراہ اور حریت(ع) کے سابق چیئرمین مولانا محمد عباس انصاری نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی قربانیاں تحریک مزاحمت کا درخشندہ باب ہیں ۔ انصاری نے کہا کہ کشمیری عوام کی جاری تحریک آزادی میں جہاں یہاں کے حریت پسند عوام نے مال و جان کی بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں وہیں قیادت کی سطح پر بھی دی گئی قربانیاں اس تحریک کا انمول اثاثہ ہے اور یہ پوری قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ ان قربانیوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ اس مقصد کو بھی آگے بڑھانے کیلئے ہمہ وقت سرگرم رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مزاحمتی قیادت میں اتحاد و یکسوئی رواں تحریک آزادی میں کامیابی کی ناگزیر تقاضے ہیں اور کشمیریوں کی حق و انصاف پر مبنی جدوجہد آج جس نازک مرحلے پر کھڑی ہے ایسے میں حریت پسند قیادت اور عوام پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ تحریک کو سبوتاژ کرنے کے حربوں سے خبردار رہنے کے ساتھ ساتھ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔ مسلم کانفرنس نیخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔اسلامک پولٹیکل پارٹی کے سربراہ محمدیوسف نقاش اورلبریشن فرنٹ ( آر ) کے جنرل سیکریٹری وجاہت بشیر قریشی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان رہنمائوں کی قربانیاں رواں جدوجہد میں ایک سنگ میل کی حثییت رکھتی ہیں ۔