سرینگر/ /لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے جاوید احمد شالہ اور محمد صدیق صوفی نامی حریت پسندوں کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔فرنٹ بیان کے مطابق دونوں افرادکو بی ایس ایف نے 24 مارچ1992کوگرفتار کرکے لاپتہ کیا تھااور انکے ہمراہ محمد یوسف بیگ ( ماس مومنٹ سربراہ فریدہ بہن جی کے والد)کو گرفتار کیا تھا، جنہیں فورسز نے دوران حراست جاں بحق کیا تھا۔فرنٹ نے جاں بحق ہوئے ان جوانوں کی برسیوں پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان عظیم نفوس کی قربانیاں تاریخ ِ کشمیر کا زریں باب ہے جسے کوئی بھی کشمیری پس پشت نہیں ڈال سکتا۔ اس دوران لبریشن فرنٹ چیئرمین بالہامہ گئے جہاں انہوں نے مدہوش بالہامی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ یاسین ملک کے ہمراہ فرنٹ قائدین بشیر کشمیری اور الطاف خان بھی تھے۔ یاسین ملک نے مدہوش بالہامی اور انکے دوسرے رشتہ داروں کی ڈھارس بندھائی اور انکے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔درایں اثناء لبریشن فرنٹ چیئرمین نے محمد مقبول بٹ کے قریبی ساتھی اور معروف آزادی پسند میر احمد میر پور مظفرآبادکے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔بیان میںمولوی طارق کی والدہ اور لبریشن فرنٹ کے رکن شوکت احمد میر اسلام آباد کے بیٹے ساحل احمد میر کی حادثاتی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم میر احمد محمد مقبول بٹ کے قریبی ساتھی تھے اور ۱۹۶۸ میں سرینگر سینٹرل جیل سے مقبول بٹ کے ہمراہ فرار بھی ہوئے تھے۔ وہ ایک عرصہ تک کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا رہے اور کل اس دار فانی سے کوچ کرگئے۔ لبریشن فرنٹ کا ایک وفد اسلام آباد گیا اور لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔وفد میں ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ،اسحاق احمد گنائی، مشتاق احمد کو چھے اور نذیر احمد خان شامل تھے۔