سرینگر//جموں کشمیر سول سوسائٹی فورم نے سپریم کورٹ پر زوردیا ہے کہ وہ مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن شریف کے خلاف دائر عرضی کو فوری طور خارج کرے اس سے پہلے کہ اس عرضی سے تنائو بھڑک اُٹھے۔ایک بیان میں سول سوسائٹی فورم نے کہا کہ درخواست دہندہ سیدوسیم رضوی کی عرضی پوری دنیا میں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرکے امن وقانون کا مسئلہ پیداکرنے کیلئے کافی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ سوشل میڈیا پرایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں درخواست گزار سید وسیم رضوی قرآن کریم کی کچھ آیات کوملک کی سالمیت اور اتحاد کیلئے خطرہ قرار دے رہے ہیںاور اس طرح قرآن شریف سے26آیات کوحذف کرناچاہتے ہے۔ جموں کشمیر سول سوسائٹی فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے کہا کہ کسی بھی مذہب کی متبرک کتابیں خدا کی طرف سے دی ہوئی ہیں اور ان میں ترامیم کی گنجائش نہیں ہیں۔ان کتابوں میں ترامیم کوئی بھی کوشش عذاب خداوندی کو دعوت دیں گی اور زمین پر انسانوں میں تشدد بھڑک اٹھے گا۔وانی نے کہا کہ قرآن مجید آسمانی صحیفہ ہے اورہرایک سمجھدار کو معلوم ہے کہ یہ امن کاصحیفہ ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن کے خلاف کوئی بھی گستاخانہ کارروائی انسانیت کیلئے عمومی طور اور مسلمانوں کیلئے خصوصاً ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے کہاکہ تاریخ اس کی گواہ ہے کہ اس کے سخت نتائج برآمد ہوں گے ۔جموں کشمیر سول سوساٹی فورم نے سپریم کورٹ سے گزارش کی کہ اس عرضی کو خارج کرکے مسلمانوں کے جذبات کااحترام کیا جائے ۔وانی نے درخواست دہندہ کوعمر قید کی سزادینے کا مطالبہ کیا تاکہ آئندہ کوئی قران مجید اور پیغمبر اسلام ؐ کے خلاف گستاخی کرنے کی جرات نہ کرے۔