نہ مٹے گا نہ مٹاہے قرآں
دستِ قدرت کا لکھا ہے قرآں
منبعِ صدق و صفا ہے قرآں
رحمتِ ذاتِ خدا ہے قرآں
قِرأتِ صبح و مَسا ہے قرآں
ربّ ِ یکتا کی صدا ہے قرآں
جلوئہ غارِ حرا ہے قرآں
نور سے لکھا گیا ہے قرآں
ایک نعمت ہے عطا ہے قرآں
عقل و حکمت کی بِنا ہے قرآں
ہو مرض کوئی شفا ہے قرآں
سب دُعائوں کی دُعا ہے قرآں
ایک اک حرف ہے اِس کا روشن
نور آنکھوں کا ہُوا ہے قرآں
دُھوپ میں جیسے گھٹا ہو سر پر
حبس میں بادِ صبا ہے قرآں
کتنے ہونٹوں پہ رواں ہے ہر دم
کتنے سینوں میں بسا ہے قرآں
دینِ کامل کا ہے آئین یہی
ہادی و راہ نما ہے قرآں
ڈَھ گئیں جہل کی سب دیواریں
علم کا سیل بنا ہے قرآں
ہم بھی حقدار ہوئے رحمت کے
ہم نے بھی ورد کیا ہے قرآں
دل میں اک نور سا لہراتا ہے
جب سے نظروں نے چُھوا ہے قرآں
ایک اُمّی کو پڑھا یا ہمدمؔ
خوب مولا نے لکھا ہے قرآں
رابطہ؛باغات برزلہ،موبائل نمبر؛9797135705