اونتی پورہ// پی ڈی پی کے اننت ناگ پارلیمانی نشست کے امیدوار تصدق مفتی نے اونتی پورہ میں پارٹی ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے انہوں نے کہا کہ وادی کے قدرتی وسائل اورخوبصورتی کو گزشتہ کئی برسوں کے نامساعد حالات کی وجہ سے زبردست نقصان پہنچا ہے جس کی حفاظت اوربچانا بڑی زمہ داری ہے جو ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کشمیر کو کنکریٹ تعمیرات کے بجائے قدرتی ماحول میں ہی تعمیرات بنانے چاہئیں جس کی وجہ سے یہاں کی خوبصورتی اور ماحول بھی برقرار رہے جبکہ کنکریٹ تعمیر ریاست کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ یہاں کے قدرتی وسائل کے تباہی کے لئے انتہائی تباہ کن ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے خوبصورت ماحول کے تحفظ کے لئے ہم سب کو مل جل کر کام کرنا ہو گا ۔اس موقعے پر ان کے ہمراہ پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اورریاست کے وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ تصدق مفتی کو اپنا ووٹ اور سپوٹ پیش کر کے ان کے ہاتھ مضبوط کریں ۔ ڈاکٹر درابو نے حالیہ نا مساعد حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر خدا نخواستہ وادی کشمیر میں 2016جیسے حالات پھر کبھی پیدا ہوئے تو ریاست جموں کشمیر کی اقتصادیات کے لئے انتہائی تباہ کن ثابت ہوں گے۔ جس کی وجہ سے پھر کبھی ریاست جموں کشمیرکی اقتصادی حالت بہتر نہیں ہو سکتی ۔انہوں نے کہا کہ جو 80ہزار کروڑ روپے سرکار کوریاست کی تعمیر و ترقی کے لئے ملے تھے انہیں سرکارنا مساعد حالات کی وجہ سے خرچ نہیں کر سکی ۔انہوں نے کہا کہ اگر ریاست خاص کر وادی کشمیر میںامن قائم رہے گا تو ریاست میں تعمیر ترقی کا بہتر دور شروع کیا جائے گا۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کہ وہ سرکار کو ریاست میں امن قائم کرنے میں اپنا بھر تعاون پیش کریں تاکہ ریاست میں پھر سے تعمیر و ترقی کا دور شروع کیا جاسکے۔