عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلی سریندر چودھری نے ماحولیاتی خدشات کو دور کرنے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تیزی لانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے کْنجوانی میں سنتوکھ وہار اور اس سے ملحقہ لنکس تک سڑک منصوبے کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے مقامی لوگوں سے بات چیت کی۔یہ سڑک علاقے میں رہنے والی بڑی آبادی کے لئے رابطے کے مسائل کو حل کرے گی اور اس کا کام محکمہ تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی) کے تحت کیا جا رہا ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے چٹھہ میں 12.67کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جارہے بھینس فارم کے کام کی رفتار کا بھی معائینہ کیا ۔ اِس منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے دو سال کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔اُنہوں نے جاری تعمیراتی کام کا معائینہ کیا تاکہ پیش رفت کا جائزہ لیا جاسکے اور کسی بھی رُکاوٹ کو دور کیا جاسکے۔ سریندر کمار چودھری کے ہمراہ ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن اینڈ کوالٹی کنٹرول (ڈِی آئی کیو سی) کے اَفسران کی ایک ٹیم بھی تھی جس نے جاری منصوبے میں اِستعمال ہونے والے مواد کا موقعے پر جائزہ لیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے علاوہ ماحولیاتی اصولوں کی تعمیل کا جائزہ لینے کے لئے کان کنی کے متعدد جگہوں کا دورہ کیا۔ اُنہوں نے ذمہ دارانہ کان کنی کے طریقوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے حکام اور شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ قدرتی وسائل کے نکالتے وقت ماحولیاتی توازن کو ترجیح دیں۔اُنہوں نے اَپنے معائینے کے دوران کہا،’’حکومت دیرپا ترقی کے لئے پُر عزم ہے اور تمام منصوبوں کوماحولیاتی ضوابط کے مطابق ہونا چاہیے تاکہ قدرتی ماحول کو نقصان سے بچایا جاسکے۔‘‘ اُنہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ غیر قانونی کان کنی کے خلاف سخت اَقدامات کریں اور جہاں بھی ضرورت ہو اِصلاحی اقدامات کریں۔نائب وزیرا علیٰ نے اس دورے میں مقامی رہائشیوں اوراَفسران کے ساتھ بات چیت بھی کی اور اُنہوں نے اُنہیں یقین دِلایا کہ اِنتظامیہ ان کے مسائل کو حل کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کو ذمہ داری کے ساتھ تیزی سے مکمل کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔دورے کے دوران اُن کے ہمراہ اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران ، ڈِسٹرکٹ منرل آفیسر ( ڈِی ایم او) ، محکمہ آر اینڈ بی کے اَفسران بھی تھے ۔