سرینگر//حریت(گ)،جماعت اسلامی ،جمعیت اہلحدیث، فریڈم پارٹی، پیپلز پولیٹکل فرنٹ، پیپلز فریڈم لیگ،پیپلز لیگ،پیروان ولایت،مسلم ڈیموکریٹک لیگ نے کڈونی ہلاکت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کو عام شہری مارنے کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔مزاحمتی قائدین نے چاڈورہ اور کولگام میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ نوجوان ہم پر ذمہ داری ڈالتے ہیں کہ ہم من حیث القوم ان قربانیوں کی حفاظت کریں۔حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے چاڈورہ اور کولگام میں الگ الگ جھڑپوں میں جاں بحق ہوئے دوجنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ نوجوان ہم پر ذمہ داری ڈالتے ہیں کہ ہم من حیث القوم ان قربانیوں کی حفاظت کریں‘۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے ریڈونی کولگام میں مظاہرین پر فوج کی طرف سے راست فائرنگ کے نتیجے میں عام شہری کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس کو درندگی سے تعبیر کیا ہے اور کہا کہ بھارتی فورسز نے عام شہریوں کو نشانہ بنا کر کھلے عام قتل وغارت گری کا بازار گرم رکھا ہے، جبکہ انہوں نے پولیس کے اس بیان جس میں انہوں نے کہا کہ مظاہرین فورسز کیمپ پر پتھراؤ کررہے تھے اور ان میں بندوق بردار بھی شامل تھے جنہوں نے کیمپ کی طرف گولیاں چلائیں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس بھارتی فورسز کے گناہوں کی ہمیشہ پردہ پوشی کرتی آئی ہے اور وہ بھارت کے تئیں اپنی وفاداری کا اور اپنی ہی قوم کے ساتھ بے وفائی کا کھل کر مظاہرہ کررہی ہے۔ ریڈونی کولگام کے معصوم نوجوان خالد احمد ڈار کے تعزیتی جلسے سے ٹیلیفون کے ذریعے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ان جوانوںکے خون کے بدلے سڑکیں، ڈیلی ویجری، راشن کارڈ اور دوسرے مراعات کا مطالبہ ان لوگوں سے نہیں کرنا چاہیے، جو ہمارے نوجوانوں کوجاں بحق کرنے میں فورسز کے مددگار بنے ہوئے ہیں۔ گیلانی نے لوگوں سے معاملہ فہمی اور سیاسی بالغ نظری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہندنواز لوگ پچھلے 70برس سے مختلف نعروں سے قوم کو دھوکہ دے کر اقتدار کے مزے لوٹتے رہے اور ان سیاستدانوں کو خوب معلوم ہے کہ کشمیری عوام کے دلوں میں جذبۂ آزادی کوٹ کوٹ کر بھرا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم مراعات کیلئے نہیں بلکہ اپنے حق حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ۔ گیلانی نے پولیس کی جانب سے سوپور میں عام شہریوں کی گرفتاری اور بعد میں انہیں اذیتیں دے کر میڈیا کے سامنے پیش کرکے جنگجو جتلانے کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان نوجوانوں کے خلاف لگائے جانے والے تمام الزامات فرضی ہیں اور یہ سراسر ریاستی دہشت گردی کی بدترین کارروائی ہے۔گیلانی کی ہدایت پر تحریک حریت لیڈر بشیر احمد قریشی نے ریڈونی جاکر نماز جنازہ میں شرکت کی اور اس موقع پر تعزیتی جلسے خطاب بھی کیا۔گیلانی نے لوگوں سے آنے والے پنچائتی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ’’ ہمارا ووٹ بھارت اپنے حق میں استعمال کرتا ہے اوراس کے ذریعے سے ہماری تحریکِ آزادی کی منزل کو ہم سے دور کرنا چاہتا ہے‘‘۔اس دوران حریت (گ) جنرل سیکریٹری اور مسلم کانفرنس چیئرمین غلام نبی سمجھی نے کولگام ہلاکت کو انسانی حقوق کی بدترین پامالی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز معصوم اور نہتے کشمیری نوجوانوں کا قتل عام جاری رکھتے ہوئے قتل و غارت گری کا بازار گرم رکھا ہے۔انہوں نے حالیہ ایام میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت اداکیا۔دریں اثناء حریت (گ) کا ایک وفد حریت لیڈر محمد یاسین عطائی کی سربراہی میں چاڈور ہ گیا جہاں جھڑپ کے دوران ایک شہری منظور احمد گنائی کا مکان پوری طرح خاکستر کیا گیا۔ وفد میں سید امتیاز حیدر ، حاجی غلام حسن ، بشیر احمد ، غلام رسول کار اور محمد یوسف بٹ شامل تھے ۔جماعت اسلامی نے پُرامن احتجاجی مظاہرین پر فوج کی طرف سے فائرنگ کرنے کو بلاجواز قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں جماعت کے ترجمان نے کہا کہ طاقت کے اس اندھا دھند استعمال سے آج تک ہزاروں بے گناہ کشمیری جاں بحق اور دیگر ہزاروں زخمی ہوگئے ہیں لیکن ایسی کارروائیوں پر روک لگنے کے بجائے آئے روز اضافہ ہی ہوتا ہے۔بیان کے مطابق کھڈونی میں جس طرح بے رحم انداز میں پُرامن احتجاج کرنے والوں کو بھارتی فوج نے نشانہ بناکر ایک22سالہ نوجوان خالد احمد ڈار کو جاں بحق اور دیگر دو کو شدید زخمی کردیا اس سے واضح ہوتا ہے کہ کشمیریوں کو کھلے عام قتل کرنے کی ایک گہری سازش کو عملا جارہا رہے تاکہ حق خودارادیت کے لیے جاری مبنی برحق پُرامن اور جمہوری جدوجہد کو دبادیا جائے۔ جماعت اسلامی نے اقوام عالم علی الخصوص دنیائے اسلام سے اپیل کی ہے کہ یہاں جاری اس قتل عام کو رکوانے کی خاطر مسئلہ کشمیر کو یہاں کے عوام کی خواہشات کے عین مطابق یا تو اقوام متحدہ کی قرار دادوں یا سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔جماعت اسلامی نے خالد احمد ڈار کے والدین اور دیگر لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیا ہے اور زخمیوں کی فوری صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔جمعیت اہلحدیث نیکہا ہے کہ تواتر کے ساتھ نواجوان پود کی نسل کشی کا بھیانک سلسلہ جاری ہے اور پھر اِن اندوہناک واقعات پر چار آنسوںبہانے کی بھی اجازت نہیں ۔بیان کے مطابق کھڈونی کولگام میں ایک اور نوجوان کو راست طور گولیوں کا شکار بن کر اُسے ابدی نیند سلادیاگیا اورستم بالائے ستم یہ کہ انصاف و عدل دور دور تک کہیں دکھائی نہیں دیتا۔ بیان میں اپیل کی گئی کہ اِس بھیانک واقعہ کی غیر جانبدارنہ تحقیق کرکے ملوثین کو قرارواقعی سزا دی جائے۔ فریڈم پارٹی نے کھڈونی کولگام ہلاکت پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام لوگوں پر گولیاں اور پیلٹ برسانا وردی پوش اہلکاروں کا معمول بن گیا ہے کیونکہ اُنہیں کسی بھی جوابدہی کا سامنا نہیں کرنا پڑرہا ہے۔ پارٹی نے کوکرناگ اسلام آباد میں جھڑپ کے دوران جاں بحق ہوئے فرحین احمد کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کی قربانیاں تحریک کا انمول اثاثہ ہیں جس کی حفاظت کرنا ہم سب کا اولین فریضہ ہے۔فریڈم پارٹی نے کہا کہ پر امن مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال اس بات کا عندیہ دیتا ہے کہ وردی پوش اہلکاروں کو کشمیری عوام پر ہر ظلم و ستم روا رکھنے کی کھلی چھوٹ دیدی گئی ہے۔ پیپلز پولیٹکل فرنٹ چیئرمین محمد مصدق عادل نے لولاب میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کھڈونی کے طالب علم عادل احمد ڈار کی ہلاکت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ظاہر بات ہے کہ جب تک کشمیر میں بھارتی فورسز موجود ہیں تب تک اس طرح معصوم کشمیریوں کی بے دردانہ ہلاکتوں کا احتمال ہروقت رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا موجودہ منظر نامہ جہاں عالم اقوام کے لئے چشم کشاہے وہاں یہ خون آلود منظر ان لوگوں اور سیاسی جماعتوں کو بھی دعوتِ محاسبہ دیتا ہے جو محض اقتدار اور دولت کی خاطر بھارت کیلئے یہاں کام کرتے ہیں اور اپنے کشمیری بچوںکا خون ہوتے ہوئیے دیکھ کر بھی ان دیکھی کرتے ہیں ۔ دریں اثناء عادل نے حال ہی میں چاڈورہ اور کوکرناگ میں معرکہ آرائیوں میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ پیپلز فریڈم لیگ کا ایک وفد تنظیم کے مرکزی ذمہ دار ارشد عزیز کی قیادت میں کھڈونی گیا جہاں انہوں نے غمزدہ کنبوں کے گھر جاکر تعزیت پرسی کی ۔اس موقعہ پر ارشد عزیز نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کشمیری نوجوانوں کو عسکریت کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔ پیپلز لیگ نے کولگام جھڑپ میں جاں بحق ہوئے مقامی جنگجو اور فورسز کارروائی میں جاں بحق نوجوان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہمارے یہ سرفروش اپنی قیمتی جانیں قربان کر رہے ہیں۔ اسی دوران پیپلز لیگ کا ایک وفد سینئر رہنماء عبدالرشید ڈارکی قیادت میں کھڈونی کولگام گیاجہاں انہوں نے جنگجو اور عام شہری کے افراد خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔پیروان ولایت نے کولگام میں جاں بحق ہوئے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں تنظیم کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کشمیر میں نسل کشی کے در پے ہے ۔ مسلم ڈیموکریٹک لیگ حکیم عبدالرشید اور مزاحمتی لیڈرسید محمد شفیع نے اپنے مشترکہ بیان میں حالیہ ایام میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں اور عام شہری کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔