ڈورو//قاضی گنڈ کا نوجوان لدھیانہ میں لاپتہ ہوگیا ہے ۔جس پر مقامی آبادی نے پولیس اسٹیشن کے سامنے احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ اُن کو فوری طور پر ڈھونڈ نکالا جائے ۔کھار گنڈ قاضی گنڈ سے تعلق رکھنے والے افراد نے برستی بارش میں پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ کے سامنے احتجاج کیا ۔ احتجاجیوں کا کہنا ہے کہ انکے گائوں کا اعجاز احمد بٹ ولد عبد الستار بٹ جو کہ ایک بچے کا باپ ہے گذشتہ مہینے کی24تاریخ کو اہلیہ و بچے کے ہمراہ سسرال واقع ملیار کوٹلہ لدھیانہ گیا تھا ،سسرال پہنچتے ہی انکا سسرال والوں کے ساتھ کسی معاملہ پرجھگڑا ہوگیا اورانکا رابطہ گھروالوںسے منقطع ہوا اور فون بھی مسلسل بند آرہا ہے ۔جس کی وجہ سے اُنہیں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مظاہرین اعجاز کو باز یاب کرو ،لواحقین کو انصاف فراہم کر جیسے و نعرے بلند کر رہے تھے ۔لاپتہ شخص کے بھائی نے کشمیر عظمٰی کو بتایا کہ میرا بھائی پیشہ سے شال پھیری کا کام کرتا ہے اور گذشتہ مہینے کو وہ اپنے اہل وعیال کے ہمراہ سسرال گیا اس دوران اگلے ہی روز انکا فون آیا اور وہ رو رہے تھے ۔دریافت کرنے پر اعجاز نے بتایا کہ سسرال والوں نے انہیں زبردست مارا پیٹا اور پیسہ وغیرہ اُڑا لئے ۔اس بیچ انکا فون بند ہوا اور آج تک مسلسل بند آرہا ہے ۔جس کے سبب اُنہیں انکی سلامتی کے حوالے سے خدشات پیدا ہوئے ہیں ،اور اُنہوں نے معاملہ پولیس کی نوٹس میں لایا ہے ۔ اس حوالے سے ایس ایچ او قاضی گنڈ نے بتایا کہ اُنہوں نے معاملہ وہاں کی پولیس کے ساتھ اُٹھا یا ہے اور پولیس کی ٹیم روانہ کی جارہی ہے جس کے بعد ہی حقیقت منظر عام پر آئی گئی ۔