عارف بلوچ
اننت ناگ//قاضی گنڈ پولیس نے ہٹ اینڈ رن کیس میں ملوث مفرور ڈرائیور کو گرفتار کیا ہے۔رواں مہینے کی 22 تاریخ کو بانہال سے سرینگر کی طرف جارہی ایکو ماروتی گاڑی زیر نمبر0901 JK06B کو نامعلوم ٹرک نے والنٹ فیکٹری کے نزدیک زوردار ٹکر ماری تھی جس کے نتیجے میں ایکو گاڑی میں سوار ڈوڈہ سے تعلق رکھنے والے 4 افراد جاں بحق جبکہ 3 دیگر زخمی ہوگئے۔حادثہ کے فوراً بعد ٹرک ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوگیا تاکہ وہ اپنی اور ٹرک کی شناخت چھپا سکے۔ قاضی گنڈ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے معاملے کے حوالے تحقیقات شروع کی۔تحقیقات کے دوران پولیس نے حادثے میں ملوث مفرور ڈرائیور کی شناخت معلوم کرنے اور اس کو گرفتار کرنے لئے سی سی ٹی وی فوٹیج،ٹول پلازہ،ٹیلی کام و دیگر زرائع سے شواہد حاصل کرنے کے لئے تمام تر کاوشیں کیں اور انتھک کوششوں کے بعد ٹر ک زیر نمبر JK22 7103 کو برآمد کرکے ملزم ڈرائیور عارف احمد الاہی ولد غلام رسول الاہی ساکنہ نوگام ویری ناگ کو گرفتار کیا ہے۔