عارف بلوچ
اننت ناگ//قاضی گنڈ میں دوران شب رہائشی مکان میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران مزاحمت کرنے پر ایک نوجوان ہلاک ہو گیا ۔سانگڑن قاضی گنڈ میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کو اُس وقت کہرام مچ گیا جب یہاں فوجی وردی میں ملبوس چور نے نوجوان کے پیٹ میں چھرا گھونپ کر اُسے شدید زخمی کردیا جس کے بعد اسکی موت واقع ہوئی ۔عینی شاہدین کے مطابق فورسز کی وردی میں ملبوس چور جو خود کو سکیورٹی فورسز کا اہلکار ظاہر کر رہا تھا، تلاشی لینے کے بہانے محمد یاسین بانڈے کے گھر میں داخل ہو گیا۔ مالک مکان کے بیٹے 25سالہ زاہد احمد کو کچھ شک ہوا اور اس نے چور کو پکڑنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں ہاتھا پائی ہوئی۔ ہاتھا پائی کے دوران زاہد کو چور نے تیز دھار چاقو سے حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا اور خود دوسری منزل سے چھلانگ لگا کر بھاگنے کی کوشش کی ،تاہم حملہ آور زمین پر گر گیا جس کے نتیجے میں وہ خود بھی زخمی ہوگیا،جس کے بعد مشتبہ حملہ آور نے زخمی نوجوان کے اہل خانہ کو آواز دی اور نوجوان کو ہسپتال پہنچانے کے لئے کہا۔جونہی اہل خانہ کو خبر ہوئی تو یہاں کہرام مچ گیا اور انہوں نے خون میں لت پت زاہد احمد کو پہلے ایمرجنسی ہسپتال پہنچایا ،جہاں ڈاکٹروں نے اُ سے مزید علاج معالجہ کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا، تاہم نوجوان بیچ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔اس بیچ لوگوں نے مشتبہ حملہ آور کو پولیس کے حوالے کیا ۔حملہ آور سے1 نقلی پستول اور 1ایک تیز دھار چاقو برآمد ہوا ہے۔حملہ آور کی پہچان نصیر احمد شیخ ولد گل محمد شیخ ساکنہ بدراگنڈ کے بطور ہوئی ہے۔مہلوک نوجوان پیشہ سے تاجر تھا اور 1 ماہ بعد شادی طے تھی جس کیلئے گھر میں تیاریاں چل رہی تھی۔واقعہ پر مقامی آبادی میں کافی غم و غصہ ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقہ میں اس سے پہلے بھی چوری کی کئی وارداتیں پیش آئی ہیں،تاہم پولیس چوروں پر نکیل کسنے میں ناکام ثابت ہوئی ۔اس بیچ نوجوان کو پرنم آنکھوں ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا۔پولیس نے معاملہ کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔