حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کی وارڈ نمبر 1محلہ قاضی موہڑہ میں نکاس آب درست نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کے مطابق بارشوں کے دوران ان کے محلے کے ایک نالے میں سیلابی صورت حال پیدا ہو جاتی ہے اور نالے کا سارا پانی ان کے گھروں کے اندر داخل ہو جاتا ہے اور تباہی مچا دیتا ہے۔ انہوں نے کہا یہی نہیں ان کے مکانوں کوہمیشہ نقصان کا خطرہ رہتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بارش کے دوران نالے میں پانی بھرنے سے انھیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی کے ساتھ ساتھ علاقے کا سارا کچرا آ جاتا ہے جو ان کے مکانوں کے اندر تباہی مچا دیتا ہے اس سے مکینوں کوشدیدتکلیف اور صحت کے خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارہا انتظامیہ سے اپیل کی گئی ہے کہ نکاس آب کو درست کر کے ان کو گوناگوں مشکلات سے نجات دلائی جائے تاہم انتظامیہ کی جانب سے کوئی بھی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل سے اپیل کی ہے کہ وہ اس علاقے کا دورہ کر کے وہاں کا جائزہ لیں اور اس مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے اور ان کو مزید مسائل سے بچنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔
قاضی موہڑہ میں نکاسی آب نظام مکمل مفلوج | بارش میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے لوگ پریشان
