سوپور //سوپور ٹریڈرس فیڈریشن کا انتخاب اتوار کو عمل میں لایا گیا اور قاضی حشمت اللہ نئے صدر منتخب ہوئے۔ الیکشن میں دو امیدوارصدارتی عہدے کیلئے مد مقابل تھے جن میں قاضی حشمت اللہ کا مقابلہ سابق صدر حاجی محمد اشرف گنائی سے تھا ۔ قاضی حشمت اللہ نے 1180جبکہ حاجی محمد اشرف گنائی نے 997ووٹ حاصل کئے اور12 ووٹ منسوخ ہوئے۔اس طرح قاضی حشمت اللہ ہاشمی نے 183 ووٹوں سے جیت درج کی اور ٹریڈرس فیڈریشن سوپور کے نئے صدر منتخب ہوئے۔اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے الیکشن بورڈ کے چیئرمین مظفر احمد شاہ نے بتایا کہ ووٹنگ گورو اسپتال سوپور میں منعقد ہوئی جہاں 8 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ووٹنگ صبح نو بجے سے شام کے ساڑے چار بجے تک جاری رہی ۔انہوں نے مزید کہا کہ کل ووٹوں کی تعداد تھی 2999 تھی جس میں سے 2189 ووٹ ڈالے گئے اور قاضی حشمت اللہ ہاشمی نے 1180 ووٹ حاصل کئے جبکہ محمد اشرف گنائی کو 997 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ 12 ووٹ منسوخ ہوئے ۔ مظفر شاہ نے بتایا کہ تمام تاجروں نے اپنے اپنے ووٹ کا استعمال کیا اور الیکشن خوشگوار ماحول میں اختتام پذیرہوا۔ووٹنگ الیکشن بورڈ کے چیئرمین مظفر احمد شاہ اور جنرل سیکریٹری محمد سلطان ڈار کی قیادت میں ہوئی جبکہ حاجی عزیز احمد بٹ، حاجی محمد صادق ڈار، حاجی علی محمد بٹ، حاجی عبدالرحیم گورو اور غلام محمد بٹ الیکشن کی نگرانی کررہے تھے۔