جموں//قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے کہا کہ جموں وکشمیر ریاست میں ترقی اور خوشحالی کیلئے معیاری تعمیراتی ڈھانچے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ بہتر سماج کی تشکیل کیلئے سڑ ک رابطے بھی اہمیت کے حامل ہیں۔سپیکر موصوف نے ان باتوں کا اظہار آج دشمیش نگر اور قاسم نگر میں تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے دوران کیا۔انہوںنے قاسم نگر میں گلی کوچوں کی تعمیر و تجدید کا کام سنگ بنیاد رکھا اور دشمیش نگر میں سڑک کی تعمیر پر جاری کام کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔کویندر گپتا نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں لوگوں کی بہبود کے لئے کام کر رہی ہیں اور بجٹ میں دردست لئے گئے سڑک پروجیکٹوں کی تکمیل میں تاخیر کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔سپیکر موصوف نے پانی اور بجلی کی دستیابی کے تعلق سے لوگوں کے مطالبات کو غور سے سننے کے بعد متعلقہ افسران کو موزون کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔بعد میں سپیکر نے گڑی گڈھ ائیر پورٹ روڑ پر ہیل اینڈ ہیلتھ فارمیسی کا افتتاح کیا اور ادویات کو سستے داموں پر دستیاب رکھنے کے لئے فارمیسی انتظامیہ کی ستائش کی۔