سرینگر//کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے کھٹوعہ میں معصوم بچی آصفہ کے قتل اور عصمت دری میں ملوث ملزم کے حق میں جلوس اور انکی رہائی کا مطالبہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس بات کی بھی مذمت کی ہے،کہ اس ریلی میں سیاست دانوں نے بھی شرکت کی۔ کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے خزانچی شیخ عمران نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم تجارتی مسائل میں ہی نہیں بلکہ سماج کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے میں بھی صف اول پر ہیں،اور چاہتے ہیں کہ قانون اپنا کام کرے۔انہوں نے احتجاجی مظاہرین کے اس مطالبے کی بھی مخالفت کی کہ اس کیس کی تحقیقات مرکزی تفتیشی ادارے’سی بی آئی‘‘ کو سونپ دی جانی چاہے۔شیخ عمران نے کہا کہ سرکار کو چاہے کہ وہ متاثرین کو انصاف فراہم کرنے میں طوالت نہ کریں،اور ممکنہ طور پر کم از کم وقت میں بغیر وقت ضائع کئے انصاف کے تقاضوں کو پورا کریں۔انہوں نے سرکار کو متنبہ کیا کہ اگر حکومت نے اس کیس کو التواء میں رکھا،تو یہ انکے ہاتھوںسے پھسل جائے گا،جس کی وجہ سے نہ صرف دو خطوں بلکہ دو فرقوں کے درمیان تنازعات جنملے سکتے ہیں۔