سرینگر//سرینگر۔جموں شاہراہ پر بانہال میں پیر کو سینکڑوں افراد نے سوشل میڈیا پر قابل اعتراض ویڈیو کیخلاف زور دار احتجاج کرتے ہوئے ملوث نام نہاد گرو کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین میں سینکڑوں دوکاندار بھی شامل تھے جنہوں نے بطور احتجاج اپنے کاروباری مراکز بند رکھے ہیں۔ اس دوران بانہال قصبہ میں مظاہرے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بھی متاثر ہوئی۔
واضح رہے کہ پولیس نے گذشتہ روز ایک مخصوص فرقہ کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی پاداش میں دو افراد کو گرفتار کرلیا۔اس سے قبل ایک قابل اعتراض ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔
آئی جی پی جموں مکیش سنگھ کے مطابق گرفتار شدگان میں ستپال شرما اور دیپک شامل ہیں۔اس کے علاوہ ویڈیو میں دکھائی دینے والا تیسرا ملزم فرار ہے اور اس کی شناخت روہت کے طور ہوئی ہے۔