جموں//سنگھرش آرٹی آئی مومنٹ اورسول سوسائٹی کے لوگوں نے جموں وکشمیرفی میل ملٹی پرپز ہیلتھ ورکرس ویلفیئرایسوسی ایشن کواپنی بھرپورحمایت کایقین دلایا ہے اورحکومت سے کہاہے کہ وہ ان کے مسائل کوجلدحل کرے ۔آرٹی آئی سنگھرش مومنٹ اورسول سوسائٹی کے کارکنان نے گورنمنٹ میڈیکل کالج گاندھی نگر میں جمع ہوکر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کررہے میڈیکل ایمپلائز کے مطالبات کو جائزقراردیا۔ مومنٹ کے کنوینربلویندرسنگھ نے کہاکہ یہ ورکرس گذشتہ 12 ماہ سے تنخواہ کے بغیر ہیں اورمتعلقہ حکام ٹس سے مس نہیں ہورہے ہیں۔انہوں نے ملٹی پرپز ہیلتھ ورکروں کے گریڈ بڑھانے کابھی مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ یہ ورکرس سماجی خدمات کے شعبے میں اہم فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ جن میں ملیریا ،ٹی بی ، جذام ، پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کاپتہ لگانے اورعوام کوان سے بچائوکی تدابیربتانے اورعلاج ومعالجہ جیسی اہم خدمات شامل ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ فی میل ملٹی پرپزہیلتھ ورکرس کی تنخواہوں کوجلد واگذارکیاجائے ۔اس موقعہ پر لال مان کھجوریہ اورچندرادھے شرما صدروجنرل سیکریٹری ریذیڈنٹ ویلفیئرایسوسی ایشن نے کہاکہ فی میل ملٹی پرپزہیلتھ ورکرس کی ہڑتال سے ہسپتالوں میں کام کاج ٹھپ ہونے سے مریضوں کوشدیدمشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے۔اس دوران ایس منموہن سنگھ ،خالص ممبر ڈی جی پی سی ، امرت بالی سرپنچ ، کیول کرشن نائب سرپنچ کے علاوہ ہرمیت سنگھ سیکریٹری جنرل ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ، پرکاش کور، مارکس گل ،بلدیوسنگھ نائب صدر سوشل ویلفیئربلاک ستواری، ایاز احمدخان، مہیش کوتوال، منموہن سنگھ، ملکیت سنگھ ودیگران نے بھی خیالات کااظہارکیا۔