عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر/محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں اگلے پانچ روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہے۔اس دوران منگل کی شام دیر گئے پلوامہ، شوپیان، کولگام، قاضی گنڈ، اننت ناگ اور جنوبی کشمیر کے دیگر کئی علاقوں میں جم کر بارش ہوئی۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 6سے 10 اگست تک موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں وادی میں 11 سے 13 اگست تک کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے جبکہ جموں صوبے میں کہیں کہیں بھاری بارشیں ہوسکتی ہیں۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ جموں صوبے میں 5 اور 6 اگست کو کچھ مقامات پر بھاری بارش کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران کہیں کہیں سیلابی ریلے آنے، لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر کھسک آنے کے بھی خطرات ہیں۔