بھوپال//چار ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کا بگل بجنے کے درمیان مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ انتخابات میں فیک نیوز کا استعمال روکنے کے لئے مرکزی حکومت نے فیس بک اور ٹویٹر جیسی سوشل میڈیا سائٹس کے اعلی حکام سے مؤثر کارروائی کرنے کے لئے کہا ہے ۔ مسٹر راجناتھ سنگھ آج یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس بارے میں دونوں بڑی کمپنیوں فیس بک اور ٹویٹر کے چیف ایگزیکٹیو افسران سے مدد کے ساتھ مؤثر کارروائی کرنے کو کہا ہے ۔ حکومت اس سمت میں ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔ مرکزی حکومت کے نوٹ بندي کے فیصلے کا ایک بار پھر دفاع کرتے ہوئے مسٹر راجناتھ سنگھ نے کہا کہ شفافیت کے لئے اس قسم کے تمام کے اقدامات کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے کالے دھن کا 'جنریشن' (سرچشمہ) ختم کر دیا ہے ۔ کالا دھن جتنا آنا تھا، وہ بینکوں میں آ چکا ہے ، جو نہیں آیا، وہ ختم ہے ۔سی بی آئی میں 'اعتماد کے بحران' کے سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت آئینی اداروں کا اعتبار برقرار رکھنے کے لئے مصروف عمل ہے ۔ تاہم، انہوں نے اس پورے معاملے میں زیر غور ہونے کے سبب اس پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئینی اداروں کے وقار کو برقرار رکھنا تمام سیاسی جماعتوں کا فرض ہے اور کانگریس نے اس اصول کو بھی مسترد کردیا۔یو این آئی ۔