یو این آئی
نیویارک/کول پالمر کے پہلے ہاف میں کئے گئے دو گول اور جواؤ پیڈرو کے ایک گول کی بدولت چیلسی نے فرنچ کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کو 3-0 سے شکست دے کر فیفا کلب ورلڈ کپ کے پہلے ایڈیشن کا خطاب جیت لیا۔اتوار کی شب میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پالمر نے 22ویں منٹ میں اپنی ٹیم کے لیے گول کیا اور آٹھ منٹ بعد 30ویں منٹ میں دوسرا گول کر کے برتری کو دگنا کر دیا۔ اس کے بعد جواؤ پیڈرو نے تیسرا گول کر کے اسکور 3-0 کر دیا۔دوسرے ہاف میں پی ایس جی نے جوابی وار کیا لیکن چیلسی کے گول کیپر رابرٹ سانچیز نے ان کی تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ پی ایس جی کی واپسی کی تمام امیدیں 84ویں منٹ میں اس وقت ختم ہوگئیں جب جواؤ نیوس کو مارک کوکوریلا کے بال کھینچنے پر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔میچ میں دو شاندار گول کرنے والے 23 سالہ پالمر کو مین آف دی میچ اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سانچیز کو بہترین گول کیپر کا ایوارڈ دیا گیا۔