عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ سیکورٹی کے معاملات پر فیصلے دہلی میں کیے جاتے ہیں، کشمیر میں نہیں۔عمر عبداللہ پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی کی قیادت میں جیلوں سے قیدیوں کی جموں و کشمیر سے باہر منتقلی کے لیے کیے گئے احتجاج کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دے رہے تھے۔انہوں نے کہا”ہم سب اس سے پریشان ہیں، لیکن سرینگر میں کچھ کرنے سے کچھ نہیں ہو سکتا، جموں و کشمیر میں سیکورٹی کے بارے میں فیصلے دہلی میں، وزارت داخلہ میں ہوتے ہیں، اس لیے بہتر ہے کہ وہ دہلی جائیں، وزیر داخلہ سے ملیں اور ان کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھائیں جس طرح ہم نے کیا،” ۔سی ایم نے کہا کہ ان کی حکومت نے یہ مسئلہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے سامنے رکھا کیونکہ فیصلہ وہیں ہونا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ (پی ڈی پی) صرف دکھاوے کے لیے یہ کر رہے ہیں، تو انہیں کرنے دیں، کسی کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ اعلان کردہ دستخطی مہم کے بارے میں عبداللہ نے کہا کہ یہ جاری ہے۔ “جب ہم اسے مکمل کر لیں گے، ہم اسے مرکزی حکومت اور سپریم کورٹ کے پاس لے جائیں گے”۔