مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//سول سوسائٹی فورم ٹنگمرگ نے نالہ فیروزپورہ کے پانی کوموڑنے پراحتجاج کرتے ہوئے پائپ لائنوں کو اکھاڑپھینکا۔ٹنگمرگ کے بزرگ شہریوں نے ٹنگمرگ سول سوسائٹی فورم کے بینر تلے جموں و کشمیر سول سوسائٹی فورم(جے کے سی ایس ایف)کے صدر عبدالقیوم وانی کے ساتھ مل کر پینے کے پانی کی پائپ لائنوں کو فیروز پورہ نالہ سے دوسرے اضلاع کی طرف موڑنے کے خلاف احتجاج کیا، جبکہ احتجاجیوں نے حال ہی میں بچھائی گی کئی پائپ لائنوں کو اکھاڑ پھینکا ۔مظاہرین نے پورے ٹنگمرگ سب ڈویژن میں پانی کے بڑھتے ہوئے بحران پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اسوقت سب ڈویثرن گلمرگ میں لوگوں کو پینے، زراعت اور باغبانی کے مقاصد کے لیے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے پانی کو دوسرے اضلاع کی طرف موڑنے کے مقصد سے نئی پائپ لائنوں کی جاری تنصیب کی مذمت کی اور انتباہ دیا کہ اس طرح کے اقدامات بارہمولہ ضلع میں پانی کی پہلے سے سنگین صورتحال کو مزید خراب کر سکتے ہیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے کے سی ایس ایف کے صدر عبدالقیوم وانی نے سیاسی قائدین، حلقہ گلمرگ کے مقامی ایم ایل اے اور لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اس معاملے کا فوری اور سنجیدگی سے نوٹس لینے کی اپیل کی۔ وانی نے کہا، ’’ہم انتظامیہ سے فیروز پورہ نالہ سے نئی پائپ لائنوں کے اضافے کو روکنے کی درخواست کرتے ہیں۔ یہ پانی کا ذریعہ بارہمولہ ضلع کے نصف سے زیادہ کو پورا کرتا ہے۔ اگر حکام کارروائی کرنے میں ناکام رہے تو ٹنگمرگ سب ڈویژن کے لوگ احتجاج میں سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوں گے۔‘‘سول سوسائٹی نے پانی کی ضروریات کے لیے فیروز پورہ نالہ پر خطے کے اہم انحصار پر زور دیتے ہوئے ان کے مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں مظاہروں میں شدت لانے کا انتباہ دیا۔