جموں//فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی فوڈ سیفٹی ونگ نے جموں کشمیر میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران کھانے پینے کی چیزوں کی تجارت سے وابستہ کئی اداروں کا اچانک معائنہ کیا ۔ یہ خصوصی مہم کووڈ 19 وباء کے سلسلے میں لاگو لاک ڈاؤن کے دوران چندبے ضمیر تاجروں کی جانب سے حالات کا ناجائز فائدہ اٹھانے کے سبب شروع کی گئی ۔مہم کا مقصد لوگوں کو کھانے پینے کی صاف و پاک چیزیں یقینی بنانا ہے ۔ کمشنر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن جموں کشمیر نے انفورسمنٹ ونگ کو کھانے پینے کی اشیاء کی تجارت سے وابستہ تمام اداروں کے معائنے کی ہدایت دی تھی تا کہ فوڈ سیفٹی اینڈ سٹنڈرڈ اتھارٹی انڈیا کی جانب سے جاری رہنما خطوط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے ۔ ہدایات کے تحت کھانے پینے کی چیزوں بشمول مصالحہ جات ، کھانا پکانے میں استعمال کئے جانے والے تیل اور دیگر غذائی اجناس اور دودھ سے بنی اشیاء پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی ہے اور اس ضمن میں ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کیلئے بھی کہا گیا ہے ۔ خصوصی مہم جو کہ یکم مئی سے شروع ہوئی ،کے دوران ٹیم نے 996 معائنہ عمل میں لا کر 62 نمونے مختلف کھانے پینے کی اشیاء بشمول تلہن اور تل کے تیل ، مصالحہ جات ، آٹا ، دودھ اور کھجور وغیرہ کے نمونے اٹھائے اور 25 ہزار روپے کی مالیت کی سبزیاں ، میوہ جات ، دودھ وغیرہ ضائع کئے ۔ اس کے علاوہ ایکٹ کے مختلف قواعد کے تحت چار چالان بھی درج کئے گئے ۔ مہم کے دوران 560 کلو گرام گھی اور 91 کلو گرام مصالحہ جات کے نمونے اٹھا کر فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھیج دئے گئے ۔ دریں اثنا ماہ اپریل کے دوران فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے 147 نمونوں کا تجزیہ کیا جن میں سے 46 کو غیر معیاری قرار دیا گیا ۔ متعلقہ ایف ڈی اوز کے خلاف ایف ایف ایس ایکٹ 2006 کے تحت قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی ۔ کمشنر ایف ڈی اے جے اینڈ کے نے لوگوں کو صاف و پاک غذائی اشیاء کے استعمال کی افادیت کے بارے میں جانکاری عام کرنے کی مختلف ذرایع بشمول موبائیل فوڈ ٹیسٹنگ وینوں کے ذریعے ہدایت دی ۔ محکمہ نے صارفین کو کھانے پینے کی اشیاء کے معیار سے متعلق کسی بھی شکائت کو محکمہ کے ای میل [email protected] اور فون نمبر 9419191357 ، جموں کیلئے اور [email protected] اور فون نمبر 01942495191 کشمیر صوبے کیلئے جبکہ جموں کشمیر کے محکمہ کے ہیڈ کوارٹر کے ساتھ [email protected] پر رابطہ کرنے کیلئے کہا ہے ۔