سرینگر// فوڈ سیفٹی آرگنائزیشن کے انفورسمنٹ افسروں نے وادی کے اطراف اکناف میں غذائی اجناس کی فروخت کرنے والے دکانوں پر بڑے پیمانے پر مارکیٹ چیکنگ مہم کا آغاز کیا۔ اشیائے خوردنی کے پچاس سے زیادہ نمونے جن میں دودھ ، دودھ سے بننے والے اشیاء، کھجور، سوجھی ،میوئوں ، بسکٹوں ، کھانے کا تیل اوراچار شامل ہیں ماہِ صیام کے پہلے ہفتے میں جمع کئے۔ ضلع سرینگر میں معاینہ کے دوران ٹیم نے تین لاکھ ورپے مالیت کے ایک کوئنٹل سڑا ہوا گوشت اور مصالحے ضائع کئے ۔ٹیم نے اشیائے خوردنی کا کاروبار کرنے والے کے خلاف دس چالان درج کئے جنہوں نے فوڈ سیفٹی اور سٹینڈاڈ ایکٹ کے تحت صحت و صفائی یقینی نہیں بنائی تھی۔ضلع بڈگا م میں گر د آلودہ پکوڑے اور اچار ضائع کیا گیا ۔اس کے علاوہ پچاس کلو سڑے ہوئے میوے اور سبزیاں بھی ضائع کی گئیں ۔بارہمولہ ، پلوامہ ، بانڈی پورہ او رشوپیاں میں بھی مختلف اشیائے خوردنی نمونے جمع کئے گئے تاکہ ان کا تجزیہ کیا جاسکے ۔مہم کا آغاز کمشنر فوڈ سیفٹی ڈاکٹرعبدالکبیر ڈار کی ہدایات کے مطابق عمل میں لایا گیا۔ صارفین سے درخواست کی گئی کہ وہ بازار میں اشیائے خوردنی کے معیار کے سلسلے میں کسی بھی شکایت کو درج کرنے کے لئے فون نمبر 0194-2495191پر رابطہ قائم کریں۔دریں اثنا اسسٹنٹ ڈائریکٹر خوراک، سیول سپلائزو امُور صارفین سرینگر کے مطابق محکمہ کے انفورسمنٹ سکارڑ نے کل شہر سرینگر کے کرن نگر، کاکہ سرائے،بٹہ مالو،برتھنہ،پارمپورہ ،دریش کدل ،صفاکدل،نور باغ اور چھتہ بل وغیرہ بازاروں میں 115کاروباری اداروں کا معائنہ کیا اور 26کو ناجائز منافع خوری کے علاوہ ملاوٹی اشیاء فروخت کرنے میں ملوث پایا ۔چنانچہ اُن سے موقعہ پر ہی 13100روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا۔جب کہ دیگر خلاف ورزیوں کے مرتکب مزید 8قصورواروں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی گئی۔