نئی دہلی// پتھرائو اور فورسز کے خلاف اشتعال انگیزی کے الزامات کے تحت این آئی اے کے ہاتھوں گرفتار کئے گئے فوٹو جرنلسٹ کامران یوسف کو تقریبا7ماہ کے بعد عدالت کی طرف سے ضمانت پر رہائی دی گئی ۔دلی کی ایک عدالت نے کئی ہفتوں سے کامران یوسف کی درخواست ضمانت پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔مزید تفصیلات دئے بغیر این آئی اے افسران نے کامران کی ضمانت منظور ہونے کی تصدیق کی ہے ۔یاد رہے کہ کامران یوسف کو این آئی اے کے ہاتھوں 5ستمبر 2017 کو گرفتار کیا گیا تھا۔اسکی گرفتاری کے خلاف مقامی اور بین الاقوامی سطح پر صحافتی حلقوں نے سخت احتجاج درج کیا اور فوٹو جرنلسٹ کو اس طرح گرفتار کرنے کی سخت تنقید کی گئی ۔این آئی اے نے کامران کے خلاف اپنی چارج شیٹ میں صحافیوں کی اخلاقی ذمہ داریوں کا ذکر کیا ہے جس کیلئے اسے شدید تنقید کا نشانہ بننا پڑا۔حال ہی میں وزیراعلیٰ نے بھی کامران یوسف کی رہائی کیلئے مرکزی وزارت داِخلہ سے رابطہ کیا تھا ۔