سرینگر// ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے کہا ہے کہ سماجی میڈیا کے ناجائز استعمال اور نوجوانوںکا بنیاد پرستی کا راستہ اختیار کرنے سے نپٹنے کا طریقہ کار نافذ العمل ہے۔پولیس ہیڈ کواٹر سرینگر میں پولیس اورسی آر پی ایف کے48ویں تربیتی افسران کے ساتھ منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر میں ملی ٹنسی کا خاتمہ اور قیام ِ امن ریاستی ومرکزی پولیس فورس کی پہلی ترجیح ہے ۔ان کا کہناتھا پولیس ومرکزی پولیس فورس کو جموں وکشمیر میں ملی ٹنسی اور امن وقانون کی صورتحال کے حوالے سے کئی سطحوں پر چیلنجز کا سامنا ہے ،تاہم بہترین آپسی تال میل کے ساتھ وہ کام کررہے ہیںاور کامیابی حاصل ہورہی ہے۔ڈائریکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ جموں وکشمیر خاص طور پر وادی کشمیر میں ملی ٹنسی کے خاتمے اور امن وقانون کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ایک حکمت عملی مرتب کی گئی ہے ،جس کے تحت ریاستی ومرکزی پولیس فورس بہترین تال میل کے ساتھ اقدامات اٹھا رہی ہے ۔انہوں نے جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے امن وامان برقرار رکھنے کے حوالے سے اٹھائے جارہے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ریاستی ومرکزی پولیس فورس مل جل کر پولیس ۔پبلک تعلقات کو بہتر بنا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اجتماعی شراکت داری گروپ تشکیل دئے گئے ہیں ،جو معزز شہریوں کے ساتھ براہ ِ راست میٹنگوں کا انعقاد کرتے ہیں ،تاکہ عوام میں عدم ِ تحفظ کو دور کیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کی پہلی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی میٹنگوں سے بہترین نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ بھی بہتر تال میل بنایا گیا ہے اور اسکے مثبت وثمر آور نتائج سامنے آرہے ہیں ۔اس موقع پر دو پولیس فورسز کے درمیان تعائون کو مستحکم بنانے کیلئے میٹنگ میں شامل ہوئے سی آر پی ایف تربیتی افسران نے کہا کہ ایک طریقہ کار کے تحت دونوں فورس ملی ٹنسی کے خاتمے اور قیام ِ امن کے حوالے سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ شر پسند عناصر کی جانب سے سوشل میڈیا کا غلط استعمال کو روکنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔