جموں// مرکزی وزیر مملکت جتندر سنگھ نے کہا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر عنقریب پڑی پر لوٹ آئے گا کیونکہ سیکورٹی فورسز اب اختیارات کے آزادانہ استعمال سے مزید پیشہ وارانہ طریقے سے کام کررہے ہیں۔جموں میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے وزیر اعظم دفتر کے انچارج وزیر مملکت جتندر سنگھ نے کہا کہ آئندہ کچھ ہفتوں میں جموں کشمیر واپس اپنی نہج پر آئے گا کیونکہ گزشتہ دنوں سے جو واقعات پیش آرہے ہیں، ان میں نمایا ںکمی نظر آرہی ہے۔جموں کے دو روزہ دورے پر آئے مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ جموں کشمیر میں آج نہیں تو کل حالات سازگار ہونگے اور ریاست بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ہی آگے بڑھے گی۔ انہوں نے پاکستان کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گلگت بلتستان میں تشدد کا بازار گرم کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا’’ گلگت اور بلتستان میں حکومت پاکستان نے جو غیر انسانی ظلم وجبر کا سلسلہ شروع کیا ہے وہ قابل مذمت ہے‘‘۔جتندر سنگھ نے بتایا کہ جس طرح پاکستان نے اپنے مقاصد کیلئے گلگت اور بلتستان میں کاروائیاں شروع کی ہیں وہ پوری دنیا کیلئے چشم کشا ہے اور یہ صاف ہو رہا ہے کہ پاکستان پوری دنیا بالخصوص برصغیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں کیلئے بدنام ہو رہا ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا’’ نہ صرف گلگت،بلتستان اور پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں جو اس کے ناجائز قبضے میں ہے بلکہ پاکستان اپنی ریاستوں،بلوچستان میں بھی لوگوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے‘‘۔جتندر سنگھ نے مزید کہا کہ بھارت کو نہ صرف انسانی حقوق کی پامالیوں پر فکر و تشویش ہے،بلکہ جب پڑوس میں آگ لگ رہی ہو،یہ حکومت ہند اور اس کے سیکورٹی ایجنسیوں کی ذمہ داری ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایسے معاملات نہ ہوں،جس کی وجہ سے خطے پر منفی اثرات مرتب ہو۔