مظفر آباد// متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین اور حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین نے صائمہ وانی کی ہلاکت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی جدائی سے انتہائی تکلیف پہنچی ہے ، تاہم معصوم بچوں کا قتل کرکے بھارت شمع آزادی کو بجھا نہیں سکے گا۔ترجمان متحدہ جہاد کونسل سید صداقت حسین کی طرف سے موصولہ بیان میں صلاح الدین نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز عوامی مزاحمت اور جنگجوئوں کی تیر بہ ہدف کارروائیوں کے نتیجے میں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور اپنی خفت مٹانے کے لئے وہ نہتے شہریوں اورمعصوم بچوں کو قتل کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے حربے جابر قوتوں کے لئے مزید رسوائی کا باعث بن جاتے ہیں۔ صلاح الدین نے عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ چپ کا روزہ توڑ دیں اور بھارتی قیادت پر دبائو ڈال کر اُس کی فورسز کو کو انسانی حقوق کی پامالیوں سے روک لیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کی پراسرار خاموشی سے ان اداروں کی اعتباریت مسلسل متاثر ہو رہی ہے۔ جہاد کونسل کے سربراہ نے صائمہ وانی کے اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دُعا کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ متاثرہ خاندان کے بچوں کا مقدس لہو ضائع نہیں ہوگا۔