سرینگر // رام منشی باغ سرینگر میں سنیچر کی صبح سی آر پی ایف کے ایک اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلاکر خودکشی کرلی۔ یہ وادی میں گذشتہ چار دنوں کے دوران سیکورٹی فورسز کی طرف سے خودکشی کا تیسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں گذشتہ روز دو فوجی اہلکاروں نے اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلاکر خودکشی کرلی۔ رام منشی باغ علاقہ میں 79 بٹالین سی آر پی ایف کیمپ میں تعینات پرکھا سکھ دیوساکن تلنگانہ نے ہفتہ کی صبح اپنے کیمپ میں دوران ڈیوٹی اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلائی۔ اہلکار کو بادامی باغ میں واقع 92 بیس اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔ ایک رپورٹ کے مطابق سال 2009 سے اب تک قریب 1050 فوجی اہلکاروں نے خودکشی کی ہے۔