سمت بھارگو
راجوری//شمالی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے بدھ کے روز راجوری اور پونچھ کے جڑواں سرحدی اضلاع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی)کے ساتھ آگے کے علاقوں کا دورہ کیا اور فوجیوں کو تمام ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار رہنے کی تلقین کی۔سرینگر میں 22 سے 24 مئی تک ہونے والے جی 20 اجلاس کے پیش نظر یہ دورہ اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے پونچھ میں لائن آف کنٹرول اور راجوری سیکٹرز میں راشٹریہ رائفلز کے ساتھ دو یونٹوں کا دورہ کیا، اور انہیں دراندازی کے انسداد کے گرڈ اور اپنائے جانے والے عمل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔انہوں نے اپنائے گئے اقدامات کو سراہا اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے پر فوجیوں کی تعریف کی۔عہدیداروں نے کہا کہ انہوں نے انہیں تمام ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار رہنے کی تلقین کی۔20 اپریل کے بعد سے جی او سی کا راجوری-پونچھ سیکٹر کا یہ چوتھا دورہ ہے۔اس سے قبل انہوں نے 22 اپریل، 26 اپریل اور 6 مئی کو سیکٹر کا دورہ کیا تھا۔