عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//فوج کے ایس آف سپیڈ ڈویژن کی جانب سے جمعہ کے روز راجوری میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آپریشن سندور کے دوران نمایاں کردار ادا کرنے والے بہادر شہریوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔یہ تقریب ایس آف سپیڈ ڈویژن کے ہیڈکوارٹر پر منعقد کی گئی جس کی صدارت جنرل آفیسر کمانڈنگ، میجر جنرل کوشک مکھرجی نے کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل، ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما، ایس ایس پی پونچھ شفقت حسین، ایس ایس پی راجوری گورو سکارور، جی ایم سی راجوری کے پرنسپل ڈاکٹر اے ایس بھاٹیہ، سول سوسائٹی کے نمائندے، فوجی اور پولیس افسران بھی موجود تھے۔یہ اعزازی تقریب آپریشن سندور کے اعتراف میں منعقد ہوئی۔افواج نے مغربی سرحد پر دہشت گرد لانچ پیڈز کے خلاف محتاط، مؤثر اور غیر اشتعال انگیز کارروائی کی۔ اس کے ردعمل میں پاکستانی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کی اور راجوری و پونچھ اضلاع میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 17 افراد شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوئے۔ بنیادی ڈھانچے اور زرعی معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچا۔راجوری اور پونچھ کے مقامی شہریوں نے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کام کیا، زخمیوں کو محفوظ مقام تک پہنچانے، امدادی کارروائیوں اور انسانی ہمدردی کے تحت سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ تقریب میں کرشنا گھاٹی، مینڈھر، منجاکوٹ اور نوشہرہ کے ایسے ہی مقامی افراد کو ان کی خدمات پر اعزازات سے نوازا گیا۔تقریب کے آغاز میں ایک ویڈیو دکھائی گئی جس میں آپریشن سندور میں فوج اور شہریوں کی مشترکہ کاوشوں کو اجاگر کیا گیا، اس کے بعد ایک دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی تاکہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے، جن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر راج کمار تھاپا بھی شامل ہیں۔میجر جنرل کوشک مکھرجی نے اس موقع پر کہا کہ ’آپریشن سندور صرف ایک فوجی کارروائی نہیں بلکہ قومی عزم کا مظہر تھا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ ایک واضح پیغام تھا کہ بھارت اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا‘۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی مدد سے بنکرز، پناہ گاہیں، زخمیوں کے انخلاء ، ضروری اشیاء کا ذخیرہ اور سول ڈیفنس کی مشقیں قابلِ ستائش ہیں۔تقریب کے دوران کل 25 نمایاں شخصیات کو ان کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔