عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے زیرِ اہتمام پونچھ شہر میں ایک شاندار ’جئے ہند سبھا‘ کے بعد ’جئے ہند یاترا‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہندوستانی مسلح افواج کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، خاص طور پر آپریشن ’سِندور‘ میں ان کی جرات مندی پر سلام پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں پارٹی کے کئی سینئر رہنماؤں نے شرکت کی، جن میںآل انڈیاکانگریس کمیٹی کے سیکریٹری شاہنواز چوہدری ،سابق ایم ایل سی جہانگیر میر، ضلع ترقیاتی کونسل کے رکن سین عبدالرشید، سابقہ سیکریٹری جے کے پی سی سی پروین سروَر خان، ڈی ڈی سی رکن ریاض ناز، آئی وائی سی کے سیکریٹری اعجاز چودھری، تاج میر اور دیگر شامل تھے۔اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ’جئے ہند‘ اور ’فوج زندہ باد‘ کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ جلسہ عام میں مقررین نے نہ صرف فوج کے شجاعت کو سلام پیش کیا بلکہ مرکز کی بی جے پی حکومت کی خارجہ پالیسی، جموں و کشمیر سے ریاستی درجہ چھیننے اور ترقیاتی عدم توجہی پر سخت تنقید کی۔شاہنوار چوہدری نے اپنے خطاب میں کہاکہ ’بی جے پی نے فوج کی بہادری کو سیاسی فائدہ کے لئے استعمال کیا ہے، مگر ملک کی سلامتی، خارجہ پالیسی کی ناکامی اور ریاستی معاملات پر کوئی جواب نہیں دے رہی۔ آج پاکستان جیسے دہشت گرد ملک کو عالمی سطح پر مالی مدد اور حمایت مل رہی ہے، جبکہ ہماری حکومت خاموش ہے‘‘۔سابق ایم ایل سی جہانگیر میر نے کہاکہ ’جموں و کشمیر سے ریاستی درجہ چھیننا عوام کے ساتھ زیادتی ہے، جسے ہم برداشت نہیں کریں گے۔ ریاستی درجہ ہمارا حق ہے اور اسے فوراً بحال کیا جانا چاہیے‘۔ڈی ڈی سی رکن سین عبدالرشید نے کہا کہ’جموں، پونچھ اور راجوری جیسے سرحدی اضلاع کو بی جے پی حکومت نے ترقیاتی فنڈز میں مسلسل نظرانداز کیا ہے۔ یہاں کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں‘۔پروین سروَر خان، ریاض ناز اور اعجاز چوہدری نے بھی اپنے خطاب میں جموں و کشمیر کو مکمل ریاستی درجہ کی بحالی، مقامی نوجوانوں کے لئے زمین اور روزگار کی مکمل ضمانت کا مطالبہ کیا۔رہنماؤں نے واضح کیا کہ کانگریس نہ صرف فوج کے احترام میں پیش پیش ہے، بلکہ وہ عوامی حقوق، آئینی تحفظ اور جمہوری قدروں کی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔ جلسے کے دوران مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت نے اس بات کو ظاہر کیا کہ عوام اب اپنے حق کے لئے بیدار ہو چکے ہیں اور ظلم و ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنے کو تیار ہیں۔