فوج کی جانب سے سنگلدان کرکٹ لیگ اختتام پذیر

زاہدبشیر
گول// فوج کی جانب سے سنگلدان میں ایک عظیم الشان کرکٹ ٹورنامنٹ کا اختتام ہوگیا۔ رام بن ضلع کی 32 ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں حصہ لیا۔ یہ ٹورنامنٹ راؤنڈ رابن لیگ سسٹم پر 48 دنوں کی مدت میں کھیلا گیااور تمام نوجوانوں کے لیے ایک خاص توجہ کا مرکز رہا ہے اور اس کی مداحوں کی تعداد ہر موسم میں بڑھ رہی ہے ۔فوج اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کاؤنٹر انسرجنسی فورس (ڈیلٹا) کے زیر اہتمام کر رہی ہے۔ ایک سادہ اختتامی تقریب میں سرپنچ سنگلدان محمد شفیع نے جیتنے والی ٹیم کو انعامات دے کر ٹورنامنٹ کا اختتام کیا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ رام بن کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے جسے ابھی پوری طرح سے اس کامظاہرہ نہیں کرپارہے ہیں۔کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ان کی کامیابی جلد ہی حقیقت بن جائے گی کیونکہ پلیٹ فارم اور مواقع اب ان کی دہلیز پر دستک دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ایسا ہی ایک موقع ہے اور نوجوان اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس تقریب میں سول سوسائٹی کے دیگر ممتاز ارکان نے شرکت کی جنہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریب امن کا ضامن ہے۔