جموں /اشفاق سعید /بھارتیہ جنتا پارٹی نے شوپیان ہلاکتوں پر فوج کے خلاف درج ایف آئی آر کوغلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی مجسٹریل انکوائری کرانا ٹھیک ہے لیکن ایف آئی آر درج کرنا تکنیکی ، قانونی طور غلط ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے شوپیاں ہلاکتوں پر پیش کی گئی تحریک التو اپر بحث میں حصہ لیتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے آر ایس پٹھانیہ نے کہاکہ شوپیان میں جوکچھ ہوا ، وہ افسوس ناک ہے اس پر مجسٹریل انکوائری کرانا ٹھیک ہے لیکن ایف آئی آر درج کرنا تکنیکی اورقانونی طور غلط ہے۔ انہوں نے کہاکہ پہلے غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے اس میں اگر کوئی قصور وار پایاجاتاہے اس پر ایف آئی آر درج ہو۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ فوج پر جوایف آئی آر لگائی گئی ہے وہ واپس لی جائے اور تحقیقات کے بعد ہی ایف آئی آر درج ہو۔ انہوں نے سوال کیاکہ کیسے شروع میں ہی فوج کے اوپر سنگین نوعیت کے الزامات لگائے گئے۔انہوں نے کہاکہ فوجداری نظام انصاف دھونس اور دباؤ میں کام نہیں کرتا۔ آر ایس پٹھانیہ نے کہا کہ ہلاکتیں کسی بھی جگہ ہوں یہ ٹھیک نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرحد پر بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں اُن پر بھی بات کرنی چاہئے کہ پاکستان کیوں اس طرح کی کارروائی عمل میں لائی ہیں ۔