بارہمولہ// فوج نے ملی ٹینسی کو لا حاصل عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری ہلاکتوں کے سلسلے کو روکنے کیلئے تشدد کا خاتمہ ناگزیر ہے۔بارہمولہ میں ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے 15ویںکور کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو ملی ٹنسی سے دور رہنا چاہئے جبکہ والدین پر یہ بھاری ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کوملی ٹنسی سے دور رکھ کرمعمول کی زندگی گزار نے کیلئے قائل کریں ۔جنرل بھٹ نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو معمول کی زندگی گزار نے کی راہ اختیار کرنی چاہئے جبکہ والدین اپنے بچوں کو ملی ٹنسی اور تشددسے دور رکھیں کیو نکہ شہری ہلاکتوں پر فوج کو بھی دُکھ ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملی ٹنٹوں کی جانب سے ایسے مقامات پر حملے جاری رہیں گے ،جہاں اُنکے خلاف فوج ،پیرا ملٹریز اور پولیس کارروائی نہیں کرتی۔ان کا کہناتھا کہ ملی ٹنسی کے مکمل خاتمے تک وادی کشمیر میں جنگجو مخالف آپریشنز جاری رہیں گے ۔ لیفٹنٹ جنرل نے کشمیری نوجوانوں میں جنگجوئیت کے بڑھتے رجحان پر کہا کہ نے ملی ٹنسی لاحاصل عمل ہے ،اسے کچھ بھی حاصل نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ شمالی کشمیر میں جنوبی کشمیر کے مقابلے میں کشمیری نوجوانوں میں جنگجوئیت کا رجحان انتہائی کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو ہتھیار اٹھانے سے روکیں کیونکہ فوج چاہتی ہے کشمیری نوجوان خوشحال اور باعزت زندگی گزاریں ۔انہوں نے کہا کہ فوج کو یہ واضح ہدایت دی گئی ہے کہ جنگجو مخالف آپریشن اور احتجاجیوں سے نمٹنے کے دوران لوگوں کے جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنائیں ،ان کا کہناتھا کہ پتھرائو کے دوران بھی فوج کو صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاہم فوج اُس وقت گولی چلاتی ہے ،جب اُسے اپنا دفاع کرنا پڑتاہے۔کور کمانڈر نے کہا کہ فوج کی کشمیری عوام سے کوئی ناراضگی نہیں ،کشمیری ہمارے اپنے لوگ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر کہیں کوئی شہری ہلاکت ہوتی ہے ،تو فوج کو بھی اس کا دکھ ہوتا ہے ،تاہم شہری ہلاکتوں کو روکنے کیلئے تشدد کا خاتمہ ناگزیز ہے ۔