پونچھ//پاکستان پر جنگ بندی معاہدہ کی مسلسل خلاف ورزیوں کا الزام لگاتے ہوئے شمالی کمان کے سربراہ لیفٹنٹ جنرل رنبیر سنگھ نے کہا کہ ہندوستانی فوج فائرنگ کا معقول جواب دے رہی ہے ۔ پونچھ میں فوج کی طرف سے از سر نو تعمیر کلائی پُل کے افتتاح کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے 2018کو کامیابیوں کا سال قراردیا اور کہا کہ گزشتہ برس 250کے قریب عسکریت پسند مار ے گئے، 54گرفتار ہوئے اور 4نے سرینڈر کیا۔ ریاست میں امن کے قیام کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کے لوگ امن کے متمنی ہیں اور انہیں فوج کی جانب سے بھر پور تعاون فراہم کیا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سرحدیں پوری طرح سے محفوظ ہے اور فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے اہل ہے، انہوں نے کہا کہ عسکریت کو کچلنے کے لئے فوج کی جانب سے شروع کی گئی کارروائی جاری رہے گی اور تب تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا جب تک نہ ریاست میں عسکریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے لوگ عسکریت سے تنگ آچکے ہیں اور نوجوان اپنے مستقبل کو تابناک بنانے کی فکر میں لگے ہوئے ہیں۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارودی سرنگیں بچھانے کا سلسلہ کوئی نیا نہیں ہے یہ پہلے سے ہوتا رہا ہے۔انہوں نے کہا لیکن ان سرنگوں کا پتہ لگانے کے لئے ہماری فوج کے پاس صلاحیت ہے اس کے لیے فوج ہمیشہ سرگرداں رہتی ہے اور ان سرنگوں کو اکثر ناکام بنایا جاتا ہے کبھی کبھی حادثاتی طور پر اگر کہیں ایک سرنگ پھٹ جاتی ہے تو اس سے ہمیں مایوس نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آرمی گڈ ول سکولوں میں بچوں کو اچھی تربیت دیئے جانے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ ان کا مستقبل بہتر ہو۔ انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ ضلع پونچھ کے لئے اچھے آرمی سکول قائم کیے جائیں۔انہوں نے عوام پونچھ سے فوج کا تعاون کرنے کی اپیل کی۔