عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//فوج نے سرنکوٹ کے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں، خصوصاً دھوپ ٹاپ کے جنرل ایریا میں، ایک اہم میڈیکل پیٹرول مہم انجام دی۔ اس دوران فوجی ٹیم نے کئی ڈھوکوں اور ڈھیروں تک رسائی حاصل کی تاکہ ان مقامی افراد کو طبی امداد فراہم کی جا سکے جو جدید صحت سہولیات سے محروم ہیں۔میڈیکل ٹیم نے بزرگ افراد، خواتین اور بچوں کو ہنگامی طبی امداد فراہم کی، طبی جانچ کی اور ضروری ادویات تقسیم کیں۔ ٹیم نے نہ صرف عام بیماریوں کا علاج کیا بلکہ حفظانِ صحت اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مفید مشورے بھی دئیے۔فوجی ذرائع کے مطابق اس میڈیکل پیٹرول کا مقصد ان پسماندہ علاقوں میں بسنے والے لوگوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنا تھا جہاں پہنچنا عام حالات میں مشکل ہوتا ہے۔ یہ کارروائی فوج کی انسانیت دوست سوچ اور دور دراز بستیوں کے ساتھ وابستگی کا مظہر ہے۔اس مہم سے کل 30 مقامی افراد فائدہ مند ہوئے، جنہیں نہ صرف علاج میسر آیا بلکہ ان کے مسائل کو بھی سنا گیا۔ مقامی لوگوں نے فوج کی اس پہل کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔یہ میڈیکل پیٹرول ان غریب اور محروم طبقات کی زندگی میں آسانی لانے کی ایک عملی کوشش تھی، جو ہر لحاظ سے قابلِ تحسین ہے۔