عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//فوج نے ضلع راجوری کے پروڑی گجراں گاؤں میں مقامی نوجوانوں کے لئے ایک حوصلہ افزا لیکچر کا انعقاد کیا، جس کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم، سائبر سیکورٹی، کھیلوں، شجرکاری، اور کلین اینڈ گرین انڈیا مہم کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔اس تقریب میں کل 43 مقامی افراد نے شرکت کی، جنہوں نے بھارتی فوج کی جانب سے کئے گئے اس اقدام کو سراہا۔ شرکاء نے فوج کے ساتھ بات چیت کے اس موقع کو قیمتی قرار دیا اور معلوماتی سیشن سے بھرپور استفادہ کیا۔یہ پروگرام فوج کی مقامی آبادی کے ساتھ جڑنے اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے کئے جانے والے مسلسل اقدامات کا ایک حصہ تھا۔ بھارتی فوج کا مقصد ایسے پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں میں اعتماد، تعلیم اور سماجی آگاہی کو فروغ دینا ہے، تاکہ وہ خودمختار اور باشعور شہری بن سکیں۔اس لیکچر کے ذریعے بھارتی فوج نے نہ صرف نوجوانوں کو مختلف اہم موضوعات پر آگاہی فراہم کی بلکہ ان کے اندر ملک اور معاشرے کی بہتری کے لئے کردار ادا کرنے کا جذبہ بھی پیدا کیا۔ ایسے اقدامات فوج اور مقامی آبادی کے درمیان اعتماد اور تعاون کو مزید مستحکم کرتے ہیں۔یہ تقریب بھارتی فوج کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ وہ نہ صرف ملک کی حفاظت کے لئے بلکہ سماجی ترقی اور عوامی بہبود کے لیے بھی مسلسل کوشاں ہے۔