عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//فوج کی وائٹ نائٹ کور نے آپریشن صدبھاؤنہ کے تحت ضلع راجوری اور پونچھ کے اسکولی طلباء کیلئے ’نیشنل انٹیگریشن ٹور‘کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس دورے کا مقصد نوجوان نسل میں قومی اتحاد، ہم آہنگی اور ہندوستانی تنوع پر فخر کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔یہ ٹور 3 نومبر سے 14 نومبر تک جاری رہے گا، جس دوران طلباء کو ملک کے مختلف حصوں کی ثقافتی، تعلیمی اور پیشہ ورانہ خصوصیات سے روشناس کرایا جائے گا۔افتتاحی تقریب کی صدارت میجر جنرل کوشک مکھرجی، ایس ایم، جنرل آفیسر کمانڈنگ، ایس آف اسپیڈز ڈویژن نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل میں اتحاد، نظم و ضبط اور قومی یکجہتی کے جذبے کو بیدار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’یہ صرف ایک سفر نہیں بلکہ ایک موقع ہے کہ ہمارے بچے ملک کی وسعت، تنوع اور ترقی کی راہوں کو دیکھیں، اپنی شناخت پر فخر کریں اور یہ سمجھیں کہ ان کے سامنے کس قدر وسیع مواقع موجود ہیں‘۔اس دورے کے دوران طلباء کو ملک کے معروف فوجی اور تعلیمی اداروں جیسے نیشنل ڈیفنس اکیڈمی (NDA)، آرمڈ فورسز میڈیکل کالج اسکول آف آرٹلری اور آرمرد کور سنٹر اینڈ اسکول کا دورہ کرایا جائے گا۔ طلباء کو کیڈیٹس اور فیکلٹی سے براہ راست ملاقات کا موقع ملے گا، جس سے انہیں دفاعی خدمات اور عوامی شعبوں میں کیریئر کے مواقع کے بارے میں رہنمائی حاصل ہوگی۔مزید برآں، طلباء سمبائیوسس یونیورسٹی اور انڈین لا سوسائٹی کالج جیسے تعلیمی اداروں کے علاوہ پونے، دیولالی اور احمد نگر کے ثقافتی و تاریخی مقامات کا بھی دورہ کریں گے۔یہ دورہ نوجوانوں کو ملک کی تعلیمی برتری، فوجی وراثت اور ثقافتی تنوع سے روشناس کرا کے انہیں امن، اتحاد اور ترقی کے سفیر بننے کی ترغیب دے گا۔فوج کا یہ اقدام آپریشن صدبھاؤنا کے تحت عوامی فلاح و ترقی، فوج و عوام کے مضبوط تعلقات، اور جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو ایک بااعتماد، ذمہ دار اور قومی جذبے سے لبریز شہری بنانے کے عزم کی ایک اور مثال ہے۔