یو این آئی نئی دہلی //کنٹرول لائن پار جنگجوئوں کے لانچ پیڈ پر حملے کے سچ پر شبہات کو رفع کرتے ہوئے فوج نے اس چھاپہ مار کارروائی کی تصاویر حکومت کے سپرد کردیں۔وزیر اعظم کے دفتر کو متعلقہ تصاویر مل چکی ہیں۔یہ اطلاع وزیر داخلہ ہنس راج اہیر نے دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشمولات عام کی جائیں یا نہیں یہ فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے ۔ بھارتی فوج نے 29 ستمبر کو پچھلے پہر پاکستان کیزیر انتظام کشمیر میں محدود کارروائی کی تھی۔ فوج کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں بڑی تعداد میں جنگجومارے گئے اور کئی زخمی ہوئے تھے ۔ پاکستان نے ہندستانی فوج کی اس کارروائی سے انکار کیا تھا۔اس کے بعد میں کانگریس کے لیڈر پی چدمبرم اور سنجے نروپم اور عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بھی کہا تھا کہ اس کارروائی کی شہادتیں جاری کی جانی چاہئیں۔ اس دوران بھاجپا نے فوج کی کارروائی پر سوال اٹھانے والوں سے کہا کہ کسی کو فوج پر شک نہیں ہونا چاہیے۔اس طرح کے سوالات اٹھانا فوج کی تذلیل کے مترادف ہے۔