حسین محتشم
پونچھ// آپریشن سندھور کے بعد مقامی آبادی تک اپنی مسلسل رسائی کے ایک حصے کے طور پر، ہندوستانی فوج نے 09 جون 2025 کو بانڈی چیچیاں میں ایک جامع ریلیف کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس تقریب میں گاؤں کے سربراہان، سابق فوجیوں، ولیج ڈیفنس گارڈز (VDGs)، خواتین اور بچوں سمیت تقریباً 300 افراد نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال پونچھ کے تعاون سے منعقد ہونے والے اس کیمپ میں فلاحی اور امدادی سرگرمیوں کا ایک سلسلہ رہا، اس دوران سینکڑوں مریضوں کا ماہر ڈاکٹروں نے طبی معائنہ کیا اور ان میں ضروری ادویات مفت تقسیم کی۔اس دوران سکولی بچوں کی جانب سے رنگا رنگ تملنی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔جہاں انہوں نے حب الوطنی کا پرجوش اظہار کیا۔فوج کی جانب سے اس بار بورڈ امتحانات میں غیر معمولی نمبر حاصل کرنے والی دو طالبات کو انعام و اکرام سے نوازا گیا۔بٹالین کے ایریا آف ریسپانسیبلٹی (AOR) کے تمام سرپنچوں اور بزرگ باشندوں کو بھی آپریشن سندھور کے دوران ان کی گرانقدر شراکت کے لئے اعزاز سے نوازا گیا، جب کہ پانچ ولیج ڈیفنس گارڈز کو آپریشن کے دوران ان کی فعال اور دلیرانہ شرکت کے لئے اعزاز سے نوازا گیا۔اس دوران قصبہ گاؤں کے ایک معذور لڑکے کو نقل و حرکت کے لئے وہیل چیئر دی گئی۔ فوج نے ایک نوجوان لڑکی کے خاندان کو تحائف پیش کیے جو آپریشن کے دوران دشمن کی گولہ باری سے المناک طور پر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی تھی۔ جب کہ اس لڑکی کے غم زدہ خاندان سے اظہار یکجہتی کیاگیا۔اس دوران متاثرہ خاندانوں جن کی تعداد 210 تھی میں 15 کلو گرام کا راشن پیکیج تقسیم کیا گیا۔